آپریشن سندور نے واضح پیغام دیا کہ ہندوستان کا دفاعی نظام کسی سے پیچھے نہیں/ / منوج سنہا

سرینگر /28جولائی /

لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) جموں میں آنے والے بی ٹیک، ایم ٹیک، پی ایچ ڈی اور ایم ایس سی طلبا کا خیر مقدم کرنے کے لیے افتتاحی تقریب ’نورامبھ‘ سے خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے اپنے نئے سفر کا آغاز کرنے والے تمام طلباءکو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی کی قوم کی تعمیر میں ان کی مثالی شراکت اور دہائیوں کے دوران قابل ذکر سائنسی اور تکنیکی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لئے تعریف کی، جس سے دنیا بھر کی زندگیوں پر مثبت اثر پڑتا ہے۔

لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ” وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں تکنیکی صنعت کاروں کو سہولیات اور وسائل فراہم کرنے کی مسلسل کوششیں جاری ہیں۔ آج کا ہندوستان آئی آئی ٹی کے فارغ التحصیل افراد کو بیرون ملک سے بہتر مواقع فراہم کرتا ہے، اور مجھے یقین ہے کہ آپ کی قابلیت اور محنت سے ہندوستان مستقبل میں اختراعات کا مرکز بن جائے گا۔ “ لیفٹنٹ گورنر نے طلباءپر زور دیا کہ وہ عالمی چیلنجوں کے لیے نئے حل تیار کریں، غیر متوقع مستقبل کی تیاری کریں، اور تکنیکی ترقی میں سب سے آگے رہیں۔

انہوں نے آئی آئی ٹی جموں کے فیکلٹی ممبران کو قومی اہمیت کے تحقیقی پروگراموں کو بڑھانے اور انجینئرنگ کی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کی ذمہ داری بھی سونپی تاکہ صنعت اور قوم کو درپیش حقیقی مسائل کو حل کیا جا سکے۔منو ج سنہا نے کہا ”آپریشن سندور نے ایک واضح پیغام دیا کہ ہندوستان کا دفاعی نظام کسی سے پیچھے نہیں، یہ مسلح افواج اور ہمارے انجینئروں کیلئے ایک عظیم فتح تھی اور اس آپریشن نے ثابت کر دیا ہے کہ روایتی جنگ کا دور ختم ہو چکا ہے، اور ہمیں مستقبل کی جنگ کے لیے تیار رہنا چاہیے“۔

Comments are closed.