بڈھا امرناتھ یاترا: منوج سنہا نے یاتریوں کے پہلے قافلے کو روانہ کیا
جموں ، 28 جولائی
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کی صبح بھگوتی نگر بیس کیمپ سے سخت سیکورٹی بند وبست کے بیچ شری بڈھا امرناتھ جی یاترا کے پہلے قافلے کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔بتادیں کہ پونچھ کے منڈی علاقے میں واقع بھگوان شیو کے نام وقف بابا بڈھا امرناتھ مندر جموں کے قدیم ترین مندروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اگرچہ اس مندر میں سال بھر عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہتا ہے تاہم اس یاترا کے دوران یاتریوں کی غیر معمولی بھیڑ رہتی ہے۔منوج سنہا نے پیر کی صبح اس یاترا کے پہلے قافلے کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
اس موقع پر سینئر افسران صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شیر سنگھ، انسپکٹر جنرل آف پولیس جموں بھیم سین توتی ڈی آئی جی جموں شیو کمار، ڈی آئی جی (آپریشنز) سی آر پی ایف نیرج کمار پانڈے، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جموں جوگندر سنگھ، اور ایس ایس پی سیکورٹی راجیش کمار شرما موجود تھے۔
اس موقع پر کہا کہ ایک ہزار سے زیادہ یاتریوں پر مشتمل پہلا قافلہ آج اس پوتر یاترا کے لئے روانہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مہادیو کی قیام گاہ کا مقدس سفر ایک روشن تجربہ ہے۔انہوں نے کہا: ‘میرا پختہ یقین ہے کہ یہ یاترا سب سے بڑا کیمیا ہے اور زندگی کے رازوں سے پردہ اٹھاتی ہے’۔امسال 13 دنوں کو محیط یہ یاترا 9 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔
دریں اثنا یاترا کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے حکام نے جہاں سیکورٹی کا سخت بند وبست کیا ہے وہیں یاتریوں کی سہولیات کے لئے تمام تر اںتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔حکام نے بتایا کہ یاتریوں کے لئے تمام ضروری سہولیات کے ساتھ مناسب رہائش، بجلی کی فراہمی، پینے کے پانی، لنگر، پارکنگ، واٹر پروف خیمے اور راستے میں موبائل ٹوائلٹس کے قیام کو یقینی بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھگوتی نگر اور جموں ریلوے اسٹیشن پر یاتریوں کی سہولت کے لیے ہیلپ ڈیسک اور رجسٹریشن کاؤنٹر قائم کئے گئے ہیں۔
Comments are closed.