جموں و کشمیر میں عوام ترقی کے خواہاں: کرن رججو

سری نگر،27جولائی

مرکزی وزیر برائے پارلیمانی و اقلیتی امور کرن ریجیجو نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام مثبت سوچ رکھتے ہیں اور وہ ترقی چاہتے ہیں، اس لیے سماج کو چاہیے کہ اُن عناصر کو ہرگز کوئی جگہ نہ دی جائے جو وقتاً فوقتاً امن و امان میں خلل ڈالنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔
کرن ریجیجو اتوار کو یہاں یونیورسٹی آف کشمیر میں منعقدہ ’میگا المونائی میٹ 2025‘سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا،’میں نے دیکھا ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگ انتہائی مثبت مزاج رکھتے ہیں، وہ ترقی کے خواہاں ہیں اور انہوں نے اس ضمن میں اپنی نیت اور سمت دونوں کا ثبوت دیا ہے۔‘

مرکزی وزیر نے کہا کہ کچھ انتہا پسند عناصر وقتاً فوقتاً وادی میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن معاشرے کو چاہیے کہ ایسے منفی عناصر کے لیے نہ تو کوئی جگہ چھوڑے اور نہ ہی انہیں نظر انداز کیا جائے۔

انہوں نے یونیورسٹی آف کشمیر کے سابق طلباء کو جموں و کشمیر کے بہتر مستقبل کے لیے راہ متعین کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ اس یونیورسٹی میں وہ طاقت ہے جو پورے خطے کے لیے صحیح بیانیہ طے کر سکتی ہے۔ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ منفی ذہنیت رکھنے والے کچھ عناصر، جو بعض اوقات اقلیت کے نام پر خود کو نمایاں کرتے ہیں، معاشرے میں انتشار پھیلانے کے لیے کافی ہوتے ہیں۔
کرن ریجیجو نے کہا کہ معاشرے کو خاص طور پر اُن بیرونی طاقتوں کے خلاف ہوشیار رہنا ہوگا جو ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔ایسے عناصر جو ملک کے باہر سے آتے ہیں، انہیں ہرگز کوئی جگہ نہ دی جائے۔ ہمیں متحد ہو کر اُن کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔
مرکزی وزیر کے خطاب کو سامعین نے سراہا اور کئی ماہرینِ تعلیم نے اس بات سے اتفاق کیا کہ تعلیم یافتہ نوجوان ہی جموں و کشمیر کے مستقبل کی سمت متعین کر سکتے ہیں۔

Comments are closed.