امرناتھ یاترا: آج 8 ہزار سے زائد یاتریوں نے گھپا میں حاضری دی، مجموعی تعداد 3.60 لاکھ سے متجاوز

سری نگر،25جولائی

جنوبی کشمیر میں واقع امر ناتھ گھپا میں آج 8,181 یاتریوں نے درشن کیے، جس کے ساتھ ہی 3 جولائی سے جاری سالانہ یاترا کے دوران اب تک حاضری دینے والوں کی مجموعی تعداد 3,60,320 تک پہنچ گئی ہے۔

حکام کے مطابق 23ویں روز کی یاترا کے دوران درشن کرنے والوں میں 6,326 مرد، 1,264 خواتین، 84 بچے، 56 سادھو، 3 سادھوی اور 448 سیکورٹی اہلکار شامل تھے۔

جموں کے بیس کیمپ سے آج صبح دو ہزار سے 896 یاتری کشمیر کی طرف روانہ ہوئے جن میں 2,505 مرد اور 314 خواتین شامل تھیں۔
افسران کے مطابق پہلے گروپ میں 42 گاڑیوں میں سوار 790 یاتری بالتل راستے (ضلع گاندربل) سے روانہ ہوئے، جبکہ دوسرا گروپ 75 گاڑیوں میں سوار 2,106 یاتریوں پر مشتمل تھا، جو پہلگام کے روایتی راستے (ضلع اننت ناگ) کی طرف روانہ ہوئے۔
اگرچہ موسم خوشگوار ہے اور یاترا کی تمام تر انتظامات بھی بحال ہیں، لیکن یاتریوں کی تعداد میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کی ممکنہ وجوہات میں ابتدائی ہفتوں کے دوران یاتریوں کا غیرمعمولی رش، اور پہلے سے رجسٹرڈ یاتریوں کے وقت سے پہلے درشن مکمل کر لینے جیسے عوامل شامل ہیں۔
تاہم، انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ یاترا کے بقیہ دنوں کے لیے تمام تر سہولیات اور سیکورٹی اقدامات مکمل ہیں تاکہ باقی یاتریوں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔
یاد رہے کہ سالانہ امرناتھ یاترا 3 جولائی سے شروع ہوئی ہے اور 9 اگست 2025 کو اختتام پذیر ہوگی۔

Comments are closed.