خواجہ بازار سرینگر میں کل کسی بھی عوامی اجتماع کی اجازت نہیں: ضلع انتظامیہ کا اعلان

سری نگر، 12جولائی

ضلع انتظامیہ سرینگر نے 13 جولائی 2025 کو خواجہ بازار، نوہٹہ میں پروگرام منعقد کرنے کے لیے تمام موصولہ درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے اس دن کسی بھی قسم کی نقل و حرکت یا عوامی اجتماع کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ضلع مجسٹریٹ کی جانب سے جاری سرکاری بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ13 جولائی کے روز خواجہ بازار نوہٹہ جانے کی غرض سے دی گئی تمام درخواستوں کو منظوری نہیں دی گئی ہے، اور عام شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ ان ہدایات پر مکمل عملدرآمد کریں۔
انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی فرد یا گروہ نے ان احکامات کی خلاف ورزی کی، تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یہ فیصلہ امن و قانون کی صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے لیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔
یاد رہے کہ ماضی میں 13 جولائی کا دن سیاسی و سماجی حوالوں سے انتہائی اہمیت کا حامل رہا ہے، تاہم گزشتہ برسوں سے انتظامیہ کی جانب سے اس موقع پر نقل و حرکت پر پابندیاں عائد کی جاتی رہی ہیں۔

Comments are closed.