موسم میں تبدیلی کے پیش نظر اسکولوں کے اوقات پر نظر ثانی کی جائے گی: سکینہ یتو
سری نگر، 9 جولائی
وزیر صحت وتعلیم سکینہ یتو کا کہنا ہے کہ موسم میں تبدیلی واقع ہونے کے پیش نظر اسکولوں کے اوقات کار میں نظر ثانی کی جائے گیانہوں نے کہا کہ اسکولوں کے لئے مارننگ ٹائم کرنے کا ہمارا مقصد یہ ہے کہ بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہوسکے۔موصوف وزیر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کو شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘خدا کا شکر ہے کہ موسم میں تبدیلی آئی ہے مارننگ ٹائم کرنے کا مقصد یہ تھا کہ بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہوسکے، اب امتحانات کے لئے دو مہینے ہی رہ گئے ہیں’۔ان کا کہنا تھا: ‘ہم افسروں کے ساتھ بیٹھ کر جو بچوں اور عملے کے لئے مناسب ہوگا اسی کے مطابق فیصلہ لیں گے اور موجودہ اوقات کار پر نظر ثانی کی جائے گی’۔
ایک سوال کے جواب میں سکینہ یتو نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ڈاکٹروں کی کمی کا مسئلہ ہمیشہ سے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک دیرینہ مسئلہ ہے اس کو ایک سال میں حل نہیں کیا جا سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی سرکار ہر شعبے خاص کر شعبہ صحت کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے 309 ڈاکٹروں کی تقرری عمل میں لائی گئی جن کو دور دراز علاقوں میں تعینات کیا گیا اور مزید 110 آرڈر جاری کئے گئے ہیں۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا: ‘کشمیر میں موسم سرما سخت ہوتا ہے، ہمارے 28 ہزار سکول ہیں ہر سکول میں اے سی اور ہیٹنگ سسٹم نصب کرنا ممکن نہیں ہے لہذا ہم سرمائی تعطیلات کو منسوخ نہیں کر سکتے ہیں’۔انہوں نے کہا: جموں و کشمیر امریکہ نہیں ہے، یہاں موسم کے مطابق چلنا پڑتا ہے’۔
Comments are closed.