اَمرناتھ یاترا:لیفٹیننٹ گورنر نے ننون اور چندن واڑی بیس کیمپوں کا دورہ کیا

سرینگر/29جون

لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج ننون اور چندن واڑی بیس کیمپوں کا دورہ کیا اور شری اَمرناتھ جی کی پوتر یاترا کے لئے کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لیا جو 3 جولائی سے شروع ہونے والی ہے۔
اُنہوں نے یاترا کے لئے تعینات اِنتظامی و سیکورٹی افسران سے بات چیت کی اور مختلف متعلقہ محکموں کی تیاریوں اور حفاظتی اِنتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
لیفٹیننٹ گورنرنے ننون میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر اور یاتری نواس کی پیش رفت کا بھی معائینہ کیا اور یاتریوں کے لئے قیام ، لنگر، بجلی و پانی کی فراہمی، صفائی، طبی سہولیات، ٹریفک مینجمنٹ، فائر و ایمرجنسی سروسز اور سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی جیسے مختلف انتظامات کا جائزہ لیا۔۔
اُنہوںنے ٹیلی کام کمپنیوں کو ہدایت دی کہ دونوں راستوںپر مخصوص نوڈل افسران تعینات کئے جائیں تاکہ یاترا کے دوران بلا تعطل ٹیلی کمیونی کیشن کو یقینی بنایا جاسکے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے دورے کے دوران چندن واڑی بیس کیمپ ہسپتال میں ڈاکٹروں اور طبی عملے سے ملاقات کی اور یاتریوں کے لئے صحت سے متعلق کئے گئے اِنتظامات کا بھی جائزہ لیا۔
اُنہوں نے کہا،”یہ ہماری اوّلین ترجیح ہے کہ شری اَمرناتھ جی کے عقیدت مند سکون اور حفاظت کے ساتھ اَپنی یاترا مکمل کریںاور ان کا قیام آرام دہ ہو۔“
لیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ اُن کے پرنسپل سیکرٹری اور سی اِی او شری اَمرناتھ جی شرائین بورڈ ڈداکٹر مندیپ کے بھنڈاری ،صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدوری،آئی جی پی کشمیر وِی کے بردی ،ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ سیّدفخرالدین حامداور ضلعی اِنتظامیہ، شرائین بورڈ، پولیس اور سیکورٹی فورسز کے دیگر سینئر اَفسران بھی تھے۔

Comments are closed.