امرناتھ یاترا 2025 کے لیے کثیر سطحی سیکورٹی انتظامات مکمل: آئی جی کشمیر
سری نگر،25جون
انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وی کے بردی نے بدھ کو کہا کہ شری امرناتھ یاترا 2025 کے پُرامن اور محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے کثیر سطحی اور جامع سیکورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال سیکورٹی گرڈ کو گزشتہ برس کی نسبت مزید مستحکم، مربوط اور فعال بنایا گیا ہے۔
ننون بیس کیمپ کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا، ’یاترا 3 جولائی سے شروع ہو رہی ہے۔ اس مرتبہ یاترا کے دوران تمام ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے زونل، علاقائی اور مقامی سطح پر سیکورٹی کی درجہ بندی کی گئی ہے۔ ہر سطح پر سیکیورٹی مشقیں (ڈرلز) بھی کی گئی ہیں تاکہ فورسز کی تیاری اور ردعمل کی رفتار کو بہتر بنایا جا سکے۔‘
آئی جی پی نے بتایا کہ یاترا سے پہلے بدھ کے روز مختلف مقامات پر مشقیں منعقد کی گئیں، جن میں کیمپ، شاہراہیں، اور دور افتادہ یاترا راستے شامل ہیں۔ان مشقوں کا مقصد سیکورٹی اہلکاروں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تربیت دینا اور اُن کے درمیان ہم آہنگی کو یقینی بنانا ہے۔
یاترا کے لیے مقامی عوام کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے وی کے برڈی نے کہا، ’یاترا کبھی بھی مقامی لوگوں کی مدد کے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتی۔ اس بار بھی مقامی آبادی نہایت جوش و خروش سے یاتریوں کا خیر مقدم کرنے کے لیے تیار ہے اور ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔‘
امرناتھ یاترا سے قبل مختلف مقامات جیسے پہلگام، اننت ناگ، قاضی گنڈ، پانتھ چوک اور سمبل بانڈی پورہ میں سیکورٹی مشقیں کی گئیں، جن میں پولیس، سی آر پی ایف، فوج اور دیگر ایجنسیاں شریک ہوئیں۔
آئی جی پی نے کہا کہ سیکورٹی ایجنسیاں ہائی الرٹ پر ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یاتریوں کی سلامتی کے لیے تمام ضروری انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے، اور تمام اداروں کے درمیان رابطہ اور اشتراک قابلِ تحسین ہے۔
Comments are closed.