سیاحت کو فروغ دینے کی غرض سے ڈل جھیل میں شکارا ریس کا اہتمام
سری نگر،11 جون
وادی کشمیر میں سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے اور پائیدار امن و ہم آہنگی کا پیغام دینے کی غرض سے آج ڈل جھیل میں ایک شاندار شکارا ریس کا انعقاد کیا گیا۔
یہ ریس چندی گڑھ کی ایک نجی تعلیمی ادارے کی جانب سے منعقد کی گئی، جس کا افتتاح جموں و کشمیر کی وزیر تعلیم محترمہ سکینہ ایتو نے پرچم لہرا کر کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے کہا کہ یہ ریس محض ایک تقریب نہیں، بلکہ جموں و کشمیر کی خوبصورتی، امن، اتحاد اور ہم آہنگی کا ایک پیغام ہے۔ اس طرح کی تقریبات ریاست کے مثبت امیج کو ابھارتی ہیں اور سیاحتی امکانات کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔
انہوں نے تعلیمی ادارے کے طلبہ اور انتظامیہ کی اس پہل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ:’ پہلگام سانحہ کے بعد اس طرح کی مثبت سرگرمیاں نہ صرف حوصلہ افزا ہیں بلکہ یہ وادی کے بارے میں نئے بیانیے تشکیل دینے میں مدد دیتی ہیں۔‘
منتظمین نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر کل بھی جنت تھا، آج بھی جنت ہے، اور رہے گا۔ چند منفی واقعات وادی کی فطری خوبصورتی اور اس کے امن پسند عوام کی شناخت کو ماند نہیں کر سکتے۔
Comments are closed.