حضرت شاہ ہمدان(رح) کی تعلیمات پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ: عمر عبداللہ

سری نگر،2 جون

جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بانی اسلامِ کشمیر، حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانی(رح) کے سالانہ عرس مبارک کے موقع پر ریاستی عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے اور حضرت کے روحانی، علمی اور سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حضرت شاہ ہمدان (رح) کی تعلیمات نہ صرف اہلِ کشمیر بلکہ پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے کہا، ’حضرت امیر کبیر(رح) کے وہ احسانات جو اہلِ کشمیر پر ہ
یں، وہ تا قیامت یاد رکھے جائیں گے۔ انہی کے پاکیزہ مشن، روحانی فیضان اور تبلیغِ دین کے طفیل آج ہم مشرف بہ اسلام ہیں۔‘
ادھر نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بھی اس موقع پر اپنے پیغام میں حضرت میر سید علی ہمدانی(رح) کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت کے علمی و روحانی کمالات، اصلاحی تحریک، اور تبلیغی خدمات نے نہ صرف ریاست کشمیر کو اسلامی رنگ میں رنگ دیا بلکہ یہاں کے چپے چپے کو نورِ ایمان سے منور کیا۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مزید کہا کہ حضرت شاہ ہمدان (رح) نے ریاست جموں و کشمیر میں اسلامی اقدار کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ یہاں کے باشندوں کو دستکاری، صنعت و حرفت اور معاشی خود کفالت سے بھی روشناس کرایا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت کے ذریعے جو پیغامِ امن، محبت اور خدمتِ خلق دیا گیا، وہ تاریخِ اسلام کا ایک روشن اور سنہری باب ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس موقع پر ریاست کے عوام سے اپیل کی کہ وہ حضرت امیر کبیر(رح) کے دکھائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے اتحاد، رواداری، اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دیں اور اسلام کی حقیقی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔

Comments are closed.