سیکرٹری اسکول ایجوکیشن رام نواس شرما کا سرینگر کے اسکولوں کا پہلا دورہ

سرینگر /30 مئی / ٹی آئی نیوز

محکمہ اسکول ایجوکیشن کے نو تعینات شدہ سیکرٹری رام نواس شرما نے سرینگر کے مختلف اہم تعلیمی اداروں کے تفصیلی دورے کے ساتھ اپنے سرکاری دورے کا آغاز کیا۔

اپنے پہلے دورے کے موقع پر شری شرما نے ہر اسکول میں طلباءسے روبرو ملاقاتوں کا آغاز قومی ترانے سے کیا، جس سے اتحاد، احترام اور حب الوطنی کا پیغام دیا گیا۔

رام نواس شرما نے ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر (ڈی ایس ای کے)، ڈاکٹر جی این ایتو کے ہمراہ ایس پی ہائیر سیکنڈری اسکول سرینگر، گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول کوٹھی باغ، اور مڈل اسکول کوٹھی باغ کا دورہ کیا۔ ان مواقع پر انہوں نے طلبہ اور عملے سے براہ راست ملاقات کر کے تعلیمی صورتحال اور طلبہ کی امیدوں کا جائزہ لیا۔

مڈل اسکول کوٹھی باغ کے کنڈرگارٹن سیکشن میں، شری شرما نے ننھے بچوں کے ساتھ خوشگوار لمحات گزارے اور ابتدائی بچپن کی تعلیم اور خوشگوار سیکھنے کے ماحول کی اہمیت پر زور دیا۔

اپنے خطاب میں سیکرٹری نے طلباءکو نصابی کامیابی کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ لینے کی ترغیب دی۔ انہوں نے طلبہ کو جدید مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کے دور سے فائدہ اٹھانے کی تلقین کی۔

بعد از ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیر کے کانفرنس ہال میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ کے اعلیٰ افسران، کشمیر ڈویڑن کے تمام چیف ایجوکیشن آفیسران اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔

ڈاکٹر جی این ایتو نے ایک جامع پاورپوائنٹ پریزنٹیشن دی، جس میں تعلیمی و غیر تعلیمی جاری اقدامات اور خطے میں زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالی گئی۔

انہوں نے کہا ”بچہ ہماری تمام کوششوں کا مرکز ہونا چاہیے۔ طلبہ کے نتائج نظام کی عکاسی کرتے ہیں اور استاد اس عکاسی کے مرکز میں ہوتا ہے“۔
انہوں نے جموں و کشمیر کے ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے تعلیم کے کردار کو اجاگر کیا اور خواتین کی شرحِ خواندگی میں اضافے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ ساتھ ہی، انہوں نے اسکولوں میں انفراسٹرکچر کی بہتری کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

Comments are closed.