امرناتھ یاترا:نیم فورسز کی 581 کمپنیوں کی جموں کشمیر میں تعیناتی کو ہری جھنڈی

سرینگر /29مئی

امسال امرناتھ یاترا کے دوران سیکورٹی کو مضبوط بنانے کیلئے ایک اہم قدم کے طور پرمرکزی مسلح پولیس فورسز (سی اے پی ایف) کی 581 کمپنیوں کوجموں کشمیر میں تعینات کرنے کو ہری جھنڈی دکھائی گئی ہے ۔ اس سے متعلق ایک مواصلت جموں و کشمیر کے چیف سیکرٹری اور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کو 23 مئی کو بھیجی گئی ہے۔ وزارت داخلہ نے 20 مئی کو جموں و کشمیر حکومت کی طرف سے ایک باضابطہ درخواست کا جواب دیا تھا، جس میں ایک محفوظ اور پرامن یاترا کے موسم کو یقینی بنانے کے لیے اضافی فورسز کی طلب کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق156 کمپنیاں پہلے سے ہی جموں و کشمیر میں تعینات ہیں، جن میں سی آر پی ایف (91)، بی ایس ایف (13) اور دیگر سی اے پی ایف کے یونٹ شامل ہیں۔ یہ اضافی تعیناتیاں اگلے چند دنوں میں دستیاب ہونے والی ہیں۔وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ تمام 581 کمپنیاں یاترا کے اختتام تک تعینات رہیں گی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر واپس لے لیا جائے گا۔

وزارت نے جموں و کشمیر انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ متعلقہ فورسز کے ساتھ قریبی تال میل میں تفصیلی تعیناتی منصوبہ تیار کریں۔ وزارت داخلہ نے نقل و حمل، لاجسٹکس، رہائش، اور دیگر ضروری سہولیات کے انتظامات پر زور دیا ہے جن کا انتظام جموں کشمیر حکومت کے ذریعے کیا جائے گا۔ریلوے بورڈ کو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ ضرورت کے مطابق سیکورٹی اہلکاروں کی نقل و حرکت کے لیے ٹرین کی کافی بوگیاں مختص کریں۔

Comments are closed.