حاجن میں چار روز میں دوسری مختصر خونین معرکہ آرائی ،غیر مقامی جنگجو ازجان

سرینگر:شمالی قصبہ حاجن میں گزشتہ چار روز میں جنگجوﺅں اور فوج وفورسز کے درمیان دوسری خونین معرکہ آرائی میں ایک غیر مقامی جنگجو ازجان ہوا ہے ۔یہ خونین معرکہ آرائی جمعرات کی صبح شکور الدین محلہ حاجن میں ہوئی ۔پولیس ترجمان نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فوج وفورسز نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر یہ کامیاب جنگجو مخالف کارروائی عمل میں لائی ۔

تفصیلات کے مطابق فوج کی 13آر آر ،جموں وکشمیر پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) اور سی آر پی ایف نے مشترکہ طور پر جمعرات کی علی الصبح شکور الدین حاجن محلہ کا اچانک محاصرہ کیا اور یہاں جنگجو مخالف آپریشن شروع کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی کارروائی عمل میں لائی ۔

ذرائع نے بتایا کہ فوج وفورسز کو ایک مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ علاقے میں جنگجو کا ایک گروہ موجود ہے ،جسکے بعد فورسز نے اس علاقے کو محاصرے میں لیا ۔ذرائع نے بتایا کہ جب فورسز کی ایک پارٹی مخصوص مقام کی طرف جارہی تھی ،تو یہاں چھپے بیٹھے جنگجو ﺅں نے اُن پر اند ھا دھند فائرنگ کردی ،جوابی کارروائی میں فورسز نے فائرنگ کی جس کے ساتھ ہی طرفین کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔

ابتدائی فائرنگ کے تبادلہ میں ایک غیر مقامی لشکر طیبہ جنگجو ازجان ہوا۔جاں بحق جنگجو کی نعش پولیس نے اپنی تحویل میں لی اور جائے جھڑپ کے نزدیک ایک اے کے47رائفل کے علاوہ دیگر گولی بارود ضبط کیا ۔بعد ازاں یہ آپریشن ختم کردیا گیا ۔تاہم یہاں پُر تشدد احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑنے کی اطلاعا ت ہیں ۔

پولیس ردعمل

پولیس ترجمان نے جھڑپ کے حوالے سے ایک تحریری بیان جاری کیا ،جس میں بتایا کہ لشکر طیبہ کے غیر مقامی جنگجو ﺅں کے خلاف فوج وفورسز کو اُس وقت بڑی کامیابی ملی ،جب شمالی قصبہ حاجن بانڈی پورہ میں ایک غیر مقامی جنگجو جھڑپ میں ازجان ہوا۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس ،13آر آر اور45بٹالین سی آر پی ایف اہلکاروں نے شکو الدین محلہ حاجن بانڈی پورہ کا جمعرات کی صبح محاصرہ کیا جس دوران یہاں چھپے بیٹھے جنگجوﺅں کے ساتھ ساتھ ایک معرکہ آرائی ہوئی۔

پولیس ترجمان میں معرکہ آرائی میں ایک لشکرطیبہ کا جنگجو ازجان ہوا ۔جاں بحق جنگجو کی تحویل سے ایک بندوق اور دیگر گولی بارود کے علاوہ قابل ِ اعتراض ساز وسامان بھی ضبط کیا گیا ۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ ابھی تک جو بھی ثبوت ملت ہیں ،اُنکی بنیاد پر پتہ یہ چلتا ہے کہ مہلوک جنگجو پاکستانی ہیں ۔

پولیس ترجمان کے مطابق اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ۔یاد رہے کہ پیر کے روز بان محلہ حاجن میں جنگجوﺅں اور فوج وفورسز کے در میان گولیوں کے تبادلے میں ایک جنگجو زخمی ہوا ،جسکی نعش اگلے روز حاجن کے ہی دوسرے علاقے سے برآمد کی گئی ۔جمعرات کے روز حاجن میں ہوئی جھڑپ گزشتہ چار روز میں دوسری مختصر خونین جھڑپ ہے۔

جاں بحق جنگجو کی شناخت بعد ازاں ابو حارث کے بطور ہوئی تھی ،جو غیر مقامی ہے۔مقامی لوگوں نے اُسکی میت کو دفن کیا تھا ۔

Comments are closed.