سرحدی کشیدگی جاری:دو پاکستانی فوجی اہلکار ازجان،دو بھارتی فوجی زخمی
سرینگر:بھارت اور پاکستان کے درمیان سرحدی کشیدگی وتناﺅ جنگ جیسی صورتحال جنم دے رہی ۔صوبہ جموں کے ضلع پونچھ میں کئی سیکٹروں میں برصغیر کی دو ایٹمی طاقتوں کی افواج کے درمیان جمعرات کو شدید ترین فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں پاکستانی فوج کے2اہلکار ازجان ہوئے ۔دونوں ممالک نے حسب روایت ایکدوسرے پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق دونوں ممالک کی افواج کے درمیان جمعرات کی صبح لائن آف کنٹرول پر پونچھ اضلاع کے کئی سیکٹروں میں آتشی گولہ باری کا تبالہ ہوا۔جموں میں مقیم دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صبح8بجکر50منٹ پر بالا کورٹ ،مینڈھر اور من کوٹ فائرنگ کی اور گولہ باری کی ۔
معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی فائرنگ سے دو فوجی اہلکار زخمی ہوئے ۔زخمیوں میں نائب صوبیدار ترسم سنگھ اور سندیپ رائے۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ دونوں زخمی فوجی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کیا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج نے بھارت کی اگلی چوکیوں کو نشانہ بنانے کےلئے فائرنگ کی اور ماٹر گولے داغے ،جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ان علاقوں میں دکانات اور دیگر تجارتی مراکز بند ہیں جبکہ سرحدی علاقوں میں تعلیمی اداروں کو بند کردیا گیا اور ہائی الرٹ جاری کیا گیا ۔
ادھر پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) کی دوسری جانب سے پاکستانی زیر انتظامکشمیر کے علاقے بھمبر سیکٹر میں کی گئی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک آرمی کے دو اہلکار ازجان ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے بھمبر سیکٹر کے جنوبی ضلعے میں بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دو اہلکار ازجان ہوئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ازجان ہونے والے دونوں اہلکاروں کا تعلق پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے دو مختلف اضلاع تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ازجان ہونےوالے 28سالہ سپاہی عامرحسین ضلع بھمبر کی تحصیل سمہانی کے رہائشی تھے۔دوسرے ازجان 32 سالہ محمد منیر چوہان کا تعلق ضلع حویلی کے علاقے رکھ چکری کے گاو¿ں کہوٹہ سے تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے بھارتی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا گیا اور بھارتی پوسٹ میں بھی بھاری نقصان کی اطلاعات ہیں۔پاکستانی فوج کا دعویٰ ہے کہ جوابی کارروائی میں پاکستانی علاقوں پر فائرنگ کرنے والی بھارتی چوکیوں کو تباہ کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
Comments are closed.