بانڈی پورہ میں برفانی تودے کی زد میں آنے سے 25 سالہ نوجوان ہلاک

سری نگر :جموں وکشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں گذشتہ شام برفانی تودے کی زد میں آکر ایک 25 سالہ نوجوان ہلاک جبکہ دوسرا ایک زخمی ہوگیا ہے۔ریاستی پولیس نے یہ اطلاع جمعرات کو یہاں دی۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا ’ضلع بانڈی پورہ کے تلیل علاقہ کے حسن گام ملنگام میں گذشتہ شام برفانی تودہ گر آنے کا واقعہ پیش آیا۔

اس کی زد میں آکر دو افراد زخمی ہوئے‘۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو سب ضلع اسپتال تلیل منتقل کیا گیا جہاں ایک زخمی چل بسا۔ پولیس نے مہلوک نوجوان کی شناخت عبدالعزیز بیگ جبکہ زخمی نوجوان کی شناخت 23 سالہ حلیم باغ کے بطور کی ہے۔

دریں اثنا ضلع کپواڑہ کے گچی بل بہک میں 24 فروری کو بھاری برکم برفانی تودے کی زد میں آکر لاپتہ ہونے والے تین لوگوں کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ وہ مبینہ طور پر جانوروں کا شکار کرنے کے لئے جنگل گئے ہوئے تھے۔ یو اےن آئی

Comments are closed.