ڈیلی ویجروں کے مسائل حل کرنے کیلئے سرکار نے کمیٹی تشکیل دی ہے: وزیر اعلیٰ

جموں، 25 مارچ

جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اسمبلی میں اراکین کو یقین دلایا کہ ڈیلی ویجروں کی نوکریاں مستقل کرنے کے حوالے سے حکومت اپنے وعدے پر قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایچ ای ملازمین کو اپنی کام چھوڑ ہڑتال کی کال واپس لینی چاہیے۔
اطلاعات کے مطابق، منگل کے روز جیسے ہی اسمبلی کی کارروائی شروع ہوئی، بی جے پی کے اراکین اپنی نشستوں سے کھڑے ہوگئے اور پی ایچ ای ڈیلی ویجروں کا معاملہ اٹھایا۔
بی جے پی کے سینئر رہنماؤں نے اس موقع پر کہا کہ جموں میں پی ایچ ای ملازمین کی کام چھوڑ ہڑتال کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، لہٰذا حکومت کو ڈیلی ویجروں کے تمام مسائل جلد از جلد حل کرنے چاہییں۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اپنی نشست سے کھڑے ہوئے اور بی جے پی اراکین سے مخاطب ہو کر کہا کہ حکومت نے ڈیلی ویجروں کی نوکریاں مستقل کرنے کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چیف سیکریٹری کی سربراہی میں تشکیل دی گئی اس کمیٹی کو چھ ماہ کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ ڈیلی ویجر یونینوں کو بھی کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر اپنے مطالبات رکھنے چاہییں۔
اس دوران، بی جے پی کے اراکین وزیر اعلیٰ کے بیان سے مطمئن نہیں ہوئے اور ہنگامہ آرائی کے دوران ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔

Comments are closed.