حکومت اننت ناگ آگ متاثرین کی فوری باز آباد کاری کے لئے کام کر رہی ہے:سکینہ یتو
جموں، 22 مارچ
صحت اور تعلیم کی وزیر سکینہ یتو نے کہا ہے کہ حکومت جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں آگ سے متاثر ہونے والے لوگوں کی جلد بازآبادکاری کے لئے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے متاثرین کے قیام و طعام کے لئے انتظامات کئے ہیں۔
واضح رہے کہ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے پرانے قصبے کڈی پورہ میں 20 مارچ کو آگ کے ایک بھیانک واقعے میں کم سے کم 30 رہائشی مکان خاکستر ہوئے جس کے نتیجے میں قریب 45 کنبے بے گھر ہوگئے۔
موصوف وزیر نے ہفتے کے روز اس واقعے میں متاثرین کی باز آباد کاری کے لئے سرکار کی طرف سے کئے جانے والے اقدام کے بارے میں ایوان کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا: ‘وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر میں نے دیگر ارکان اسمبلی کے ہمراہ گذشتہ روز اس علاقے کا دورہ کیا اور وہاں متاثرین سے بھی بات کی اور ضلع مجسٹریٹ اور متعلقہ افسروں کے ساتھ بھی میٹنگ کی’۔
انہوں نے کہا: ‘ضلع انتظامیہ نے پہلے ہی متاثرین کے قیام و طعام کے لئے انتظامات کئے ہیں اور متاثرین کو وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ سے امداد دی جائے گی’۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت سنجیدگی سے متاثرین کی فوری باز آباد کاری کے لئے کام کر رہی ہے۔
وزیر صحت نے کہا کہ حکومت متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا: ‘میں یقین دلانا چاہتی ہوں کہ سرکار کام کر رہی ہے اور متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی’۔
Comments are closed.