پونچھ اورراجوری میں حد متارکہ پر تازہ گولہ باری ،2بی ایس ایف اہلکار زخمی, پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں ایک لڑکا جاں بحق
راجوری:صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع میں حد متارکہ پر ایک مرتبہ برصغیر کی دو ایٹمی طاقتوں کی افواج کے درمیان آتشی گولہ باری کا تبادلہ ہو ا،جسکے نتیجے میں 2بی ایس ایف اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوجی اسپتال علاج ومعالجہ کی خاطر منتقل کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ جموں میں حد متارکہ پر جنگ کا سماں برقرار ہے ،کیو نکہ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان ایک مرتبہ پھر آتشی گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔معلوم ہوا ہے کہ طرفین کے مابین منگل کی صبح گولی باری کا تازہ تبادلہ ہوا۔
جموں میں مقیم دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پونچھ اور راجوری اضلاع میں لائن آف کنٹرول کے متعدد علاقوں میں منگل کے روز پاکستان کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔ پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں جن کو علاج ومعالجہ کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ادھرریاستی پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا ’پاکستان کی طرف سے مینڈھر پونچھ کے بالاکوٹ سیکٹر میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔ اس میں بی ایس ایف کے دو اہلکار زخمی ہوئے جن کو علاج ومعالجہ کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے‘۔
اس دوران ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے بتایا ’راجوری کے منجاکوٹ سیکٹر کے تارکنڈی گلی، لامبھی باری، کھوری نار اور دھر علاقوں میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی ہے‘۔
دفاعی ترجمان نے بتایا ’پاکستان فوج نے منگل کی صبح قریب 8بجکر 45 منٹ پر راجوری کے بمبر گلی سیکٹر میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرکے ہلکی ہتھیاروں اور مارٹر گولوں کا استعمال کیا‘۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی فوج سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کا موثر جواب دیا۔
ان کا کہناتھا کہ پاکستان کی طرف سے اتوار اور پیر کو بھی راجوری اور پونچھ اضلاع میں ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔ جموں خطہ میں ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد پر گذشتہ دو ماہ کے دوران شدید کشیدگی دیکھی گئی تھی جس دوران قریب 20 شہری و فوجی اہلکار ازجان ہوئے۔
ادھرپاکستان نے الزام عائد کیا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فورسز کی جانب سے شدید فائرنگ کے نتیجے میں پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں ایک لڑکا جاں بحق ہوگیا۔
ضلع کوٹلی کے اسسٹنٹ کمشنر ولید انور نے ڈان نیوزسے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی فورسز نے صبح ساڑھے8 بجے شدید گولہ باری کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈھروتی ناری گاو¿ں میں ایک گھر پر بھارتی فورسز کی جانب سے ایک مارٹل شیل داغا گیا جس کی وجہ سے 13 سالہ زین ابراہیم جاں بحق ہوا۔اسسٹنٹ کمشنر نے علاقے میں مزید افراد کے جاں بحق ہونے کے خدشات کا بھی اظہار کیا۔
خیال رہے کہ نکیال سیکٹر پاکستانی زیر انتظام کشمیرکے ضلع کوٹلی میں واقع ہے جہاں بھارتی فورسز کی جانب سے سب سے زیادہ سیز فائر کی خلاف ورزی دیکھنے میں آتی ہے۔
یاد رہے کہ23 فروری کو بھی ڈھروتی ناری میں ہی بھارتی فورسز کی فائرنگ اور گولہ باری سے ایک نوجوان سمیت 2افراد ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوگئے تھے۔بھارت کی جانب سے 24فروری کو بھی نکیال سیکٹر کے گاو¿ں تورٹی نڑھ میں شہری آبادی کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق جبکہ 3 زخمی بھی ہوگئے تھے۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 1999 کے تنازعے کے بعد سنہ 2003 میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا۔ تاہم جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود سرحدوں پر فائرنگ کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔بشمولات یو این آئی
Comments are closed.