راجوری پراسرار اموات :ارکان اسمبلی نے سی بی آئی تحقیقات کا کیا مطالبہ
جموں،19مارچ
جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں بدھ کے روز ممبران نے بڈھال راجوری میں پر اسرار اموات کی سی بی آئی کے ذریعے تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔وزیر صحت نے ایوان میں موجود ممبران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات ہو رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق بدھ کے روز جوں ہی قانون ساز اسمبلی کی کارروائی شروع ہوئی تو نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور سی پی آئی ایم سے وابستہ کئی ممبران اپنی نشستوں سے کھڑے ہوئے اور راجوری پر اسرار اموات کا معاملہ اٹھایا۔
ممبر اسمبلی راجوری جاوید اقبال چودھری نے اس موقع پر کہاکہ معاملہ پر اسرار ہے لہذا اس کی اعلیٰ سطحی تحقیقات ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ کافی وقت گزر جانے کے باوجود بھی تحقیقاتی رپورٹ کو منظر عام پر نہیں لایا جارہا ہے۔
اس دوران سی پی آئی ایم کے سیکریٹری یوسف تاریگامی اور پی ڈی پی کے ارکان بھی اپنی نشستوں سے کھڑے ہوئے اور سرکار سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی سی بی آئی کے ذریعے تحقیقات کی جائے ۔
ایوان میں موجود وزیر صحت نے کہاکہ راجوری کے بڈھال میں پر اسرار اموات کی تحقیقات وزارت داخلہ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ابتدائی تحقیقات کے دوران منکشف ہوا کہ اموات وائرس یا بیماری سے نہیں ہوئی ۔
وزیر نے کہاکہ معاملے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات ہو رہی ہے اور جوں ہی سرکار کو رپورٹ موصول ہوگی تو اس بارے میں ایوان کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ راجوری کے بڈھال گاوں میں سات دسمبر سے لے کر 19جنوری 2025تک پر اسرار بیماری کی وجہ سے13بچوں سمیت 17افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
Comments are closed.