اثاثوں کی تقسیم کے بعد دہلی میں جے کے ہاؤس کا بڑا حصہ لداخ کے حصے میں آیا: عمر عبداللہ

جموں، 18 مارچ

جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر اور لداخ یونین ٹریٹری کے درمیان اثاثوں کی تقسیم کے بعد دہلی میں جے کے ہاؤس کا ایک اہم حصہ لداخ کے حصے میں آیا تھا۔انہوں نے کہا کہ چندی گڑھ میں بھی عمارت لداخ کے حصے میں آئی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے یہ جانکاری منگل کو قانون ساز اسمبلی میں نیشنل کانفرنس کے ارکان اسمبلی تنویر صادق اور نذیر گریزی کے سوالوں کا جواب دینے کے دوران فراہم کی۔

انہوں نے کہا، ‘ تنظیم نو ایکٹ 2019 کے تحت جے کے ہاؤس کا ایک بڑا حصہ لداخ کے حصے میں آیا تاہم دوارکا میں نئی عمارت کی تعمیر کے لئے زمین خریدی گئی ہے’۔
ان عمارتوں میں مقامی کھانوں کی دستیابی کے بارے میں ایک ضمنی سوال کے جواب میں انہوں نے ثقافتی شناخت کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مقامی کھانوں اور فن تعمیر دونوں کو ان میں شامل کیا جائے گا۔
رکن اسمبلی نذیر گریزی کے سوال کے جواب میں عمر عبداللہ نے کہا، ‘چندی گڑھ میں بھی عمارت لداخ کے حصے میں آئی ہے تاہم ان اثاثوں کی تقسیم باہمی رضامندی سے کی گئی’۔
انہوں نے کہا کہ چندی گڑھ میں سیکٹر 17 میں ہمارے پاس ایک اور عمارت ہے جس کی تزئین و آرائش کی جائے گی اس کے کمروں میں مزید وسعت دی جائے گی تاکہ مریض و دیگر لوگ وہاں ٹھہر سکیں’۔

Comments are closed.