کشمیر میں موسم خشک و خوشگوار، 26 مارچ تک یہی صورتحال جاری رہنے کا امکان
سری نگر، 18 مارچ
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں موسم خشک و خوشگوار ہے اور موسم کی یہی صورتحال اگلے قریب 10 دنوں کے دوران جاری رہنے کا امکان ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 18 مارچ سے 26 مارچ تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 27 اور 28 مارچ کو پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں 29 سے 31 مارچ تک موسم ایک بار پھر عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمے نے ایڈوائزری میں کسانوں سے کہا ہے کہ وہ اس دوران اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں اپنے کام جاری رکھ سکتے ہیں۔
موصوف ترجمان کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جہاں وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہوئی ہے وہیں دن کے درجہ حرارت میں بھی اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔
اس دوران وادی کے مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہوا ہے۔
گلمرگ سرد ترین جگہ رہی ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.0
ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت منفی2.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
دریں اثنا وادی میں منگل کی صبح سے مطلع صاف رہا اور دن بھر خوشگوار دھوپ چھائی رہی جس سے لوگوں کو مختلف مقامات جیسے پارکوں، صحنوں، دکان تھڑوں پر بیٹھے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔
کسانوں کو بھی اپنے خاص طور پر سیب کے باغوں میں دوا پاشی اور دیگر ضروری کاموں کے ساتھ مشغول پایا گیا۔
Comments are closed.