
کشمیر کے پہاڑی اور کچھ میدانی علاقوں میں تازہ برف باری، سری نگر میں بارشیں
سری نگر، 15 مارچ
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے پہاڑی اور کچھ میدانی علاقوں میں برف باری جبکہ سری نگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جو اگلے 24 گھنٹوں کے دوران جاری رہنے کا امکان ہے۔
اطلاعات کے مطابق سیاحتی مقامات گلمرگ، پہلگام اور سونہ مرگ کے ساتھ ساتھ اننت ناگ، کولگام، شوپیاں اور پلوامہ اضلاع کے میدانی علاقوں میں برف باری ہوئی ہے۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شمالی کشمیر کے قصبہ گریز اور ضلع کپوارہ کے کئی بالائی علاقوں میں بھی تازہ برف باری ہوئی ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق قاضی گنڈ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 47.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں اس دوران 18.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 13.7 سینٹی میٹر برف ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ وادی کے دوسرے سیاحتی مقام پہلگام میں اس دوران14 سینٹی میٹر برف جمع ہوئی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 15 مارچ کو کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ 16 مارچ کی صبح کو بھی وادی میں کئی مقامات پر رک رک کر برف وباراں متوقع ہے اور دوپہر کے بعد موسمٍ میں بہتری کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں 17 سے 24 مارچ تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوارن 19 مارچ کو موسم ابر آلود رہ سکتا ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں مسافروں، سیاحوں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا ہے کہ وہ ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں جبکہ کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ 16 مارچ تک اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں آپریشنز معطل رکھنے کی صلاح دی ہے۔
علاوہ ازیں لوگوں سے ان علاقوں جہاں برفانی تودے گر آنے کے خطرات رہتے ہیں، میں جانے سے احتراز کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
دریں اثنا وادی میں جاری خراب موسمی صورتحال کے باعث شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ ہوئی ہے۔
سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جو معمول سے1.7 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا ہے۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی کے دوسرے سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت0.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جو معمول سے1.0 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت0.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.4 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا ہے۔
Comments are closed.