بڈگام میں بدنام زمانہ منشیات فروش کی غیر منقولہ جائیداد ضبط:پولیس
سری نگر، 9 مارچ
منشیات فروشوں کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے سویہ بگ علاقے میں ایک منشیات فروش کی کروڑوں روپیے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد کو ضبط کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ بڈگام پولیس نے سویہ بگ کے نادی گام علاقے میں ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی کروڑوں روپیے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد کو ضبط کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضبط شدہ جائیداد میں ایک 4 منزلہ شاپنگ کمپلیکس جس میں قریب 40 دکان ہیں اور چک وزیر پانو میں 6 کنال اراضی شامل ہے۔
بیان میں منشیات فروش کی شناخت غلام احمد ڈار عرف گلہ سکہ ولد غلام محمد ڈار ساکن نادی گام تحصیل نارہ بل کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس جائیداد کی قیمت قریب ساڑھے تین کروڑ روپیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی پولیس اسٹیشن بڈگام میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے 68 – F کے تحت درج ایک ایف آئی آر زیر نمبر 198/2019 میں انجام دی گئی۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ کیس ملزم کی تحویل سے بڑی مقدار میں کوڈین فاسفیٹ اور خشخاش بھوسہ کی بر آمدگی کے متعلق ہے۔
پولیس بیان میں کہا گیا کہ بڈگام پولیس منشیات فروشوں کے خلاف قانونی کارروائیاں انجام دینے کے لئے پر عزم ہے۔
انہوں نے لوگوں سے منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے تعاون کرنے کی اپیل کی۔
Comments are closed.