کٹھوعہ ہلاکتیں : جموں صوبے میں دہشت گردی ایک نئے ماڈیول میں پنپ رہی ہے : سنیل شرما

جموں،09 مارچ

بی جے پی کے سینئر لیڈر اور قائد حزب اختلاف سنیل شرما نے اتوار کے روز کہاکہ کٹھوعہ کے بنی میں تین عام شہریوں کی ہلاکتیں ناقابل برداشت ہے۔
انہوں نے کہاکہ جموں صوبے میں دہشت گردی ایک نئے ماڈیول میں پنپ رہی ہے۔
ان باتوں کا اظہار سنیل شرما نے کٹھوعہ میں دھرنے پر بیٹھے لوگوں سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ کٹھوعہ کے جنگلی علاقے میں ہفتے کے روز تین افراد کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ بات کی۔
سنیل شرما نے کہاکہ شام دیر گئے وزیر داخلہ نے فون پر بتایا کہ تین معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث افراد کو بخشا نہیں جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کٹھوعہ میں جو ہلاکتیں ہوئیں اس کا بدلہ لیا جائے گا اور سیکورٹی ایجنسیاں اس ضمن میں کام کر رہی ہے۔
پڑوسی ملک پاکستان کا نام لئے بغیر سنیل شرما نے کہا:’بھارت کی ترقی دیکھ کر دشمن ملک پریشان ہو گیا ہے اور جموں صوبے میں دہشت گردی کو بڑھاوا دینے کی خاطر اس طرح کے واقعات کو انجام دے رہا ہے۔‘
ان کے مطابق کشمیرصوبے میں دہشت گردی لگ بھگ ختم ہو چکی ہے اور اب جموں صوبے میں ایک نئے ماڈیول کے بھیس میں دہشت گردی پنپ رہی ہے۔
انہوں نے دھرنے پر بیٹھے لوگوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ نویں کی دہائی میں بھی ہم نے یہ لڑائی لڑی اور آج بھی ہم ملک کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے کے لئے تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ نے فون پر بتایا کہ بھارت سرکار کٹھوعہ کے لوگوں کے ساتھ ہیں اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینک دیا جائے گا۔
سنیل شرما نے مزید بتایا کہ کٹھوعہ میں ایک منصوبہ بند سازش کے تحت قتل عام ہو رہا ہے ۔ شاطرانہ طریقے سے نہ گولی ، نہ زخم ، نہ چاقو بلکہ اس طرح سے لوگوں کو مارا جارہا ہے تاکہ یہ قدرتی موت ثابت ہو۔
بی جے پی کے سینئر لیڈر نے کہاکہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ ، پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی اور ان کے کچھ ساتھی جو جموں میں بیٹھے ہیں وہ غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں۔
انہوں نے محبوبہ مفتی کے ٹویٹ پر کہاکہ موصوفہ شہری ہلاکتوں پر سیاست کر رہی ہے۔

Comments are closed.