ہماری خواتین کو سیاسی میدان میں بھی اپنا رول ادا کرنا چاہئے:سکینہ یتو
جموں، 8 مارچ
صحت اور تعلیم کی وزیر سکینہ یتو نے عالمی یوم خواتین پر جموں وکشمیر کی خواتین پر زور دیا ہے کہ وہ سیاسی میدان میں بھی اپنا رول ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔
وزیر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں عالمی یوم خواتین پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘میں آج عالمی یوم خواتین پر اپنی بہنوں کو مبارکباد دیتی ہوں اور اس کے ساتھ میں وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ کو بھی مبارکباد دینا چاہتی ہوں کہ جنہوں نے گذشتہ روز بجٹ میں خواتین کو ایک بہت بڑا تحفہ دیا جس میں خواتین کے لئے مفت بس سروس شامل ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘ہماری خواتین ہر شعبے میں آگے بڑھ رہی ہیں چاہے وہ تعلیم کا شعبہ ہو یا صحت کا شعبہ ہو وہ ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں’۔
سکینہ یتو نے کہا کہ خواتین سماجی خدمات میں بھی نمایاں رول ادا کر رہی ہیں انہیں سیاسی میدان میں بھی اپنا رول ادا کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ جو وزیر اعظم نے پارلیمنٹ میں خواتین کے لئے 33 فیصد ریزرویشن پاس کرائی اس کو بھی اب عملی جامہ پہنایا جانا چاہئے’۔
Comments are closed.