بارہمولہ میں پولیس چوکی اولڈ ٹاؤن کے نزدیک مشتبہ گرینیڈ حملہ:پولیس

سرینگر، 5 مارچ

پولیس نے بتایا کہ شمالی کشمیر کے اولڈ ٹائون بارہمولہ میں پولیس چوکی کے نزدیک منگل کی اور بدھ کی درمیانی شب مشتبہ گرینیڈ حملہ ہوا۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ4 اور 5 مارچ کی درمیانی شب 9 بجکر پر پولیس پوسٹ اولڈ ٹاؤن بارہمولہ کے پچھلے حصے سے دھماکے جیسی آواز سنی گئی جس سے عام لوگوں میں تشویش پھیل گئی۔انہوں نے کہا کہ تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

موصوف ترجمان نے بتایا کہ پولیس پارٹیوں نے متعلقہ ایجنسیوں کے ساتھ مل کر علاقے کو محاصرے میں لے لیا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران تقریباً 10 بجکر 40 منٹ پرپولیس چوکی کے عقبی حصے،باؤنڈری وال کے باہر سے، ایک گرینیڈ پن برآمد ہوا جس کے بارے میں شبہ ہے کہ یہ پن گرینیڈ کا ہے جس سے پولیس کو شبہ ہوا ہے کہ یہ ایک گرینیڈ حملے کی کوشش تھی۔انہوں نے کہا کہ گرینیڈ پولیس پوسٹ اولڈ ٹاؤن کے ایک ایسے علاقے میں گر کر پھٹا جہاں کوئی نقصان یا جانی نقصان نہیں ہوا۔ان کا کہنا ہے کہ اس کے امپیکٹ کریٹر کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں وسیع پیمانے پر تحقیقات شروع کی گئی ہے اور علاقے میں اور اس کے گرد و پیش تلاشی آپریشن جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ بارہمولہ پولیس عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور شہریوں سے تاکید کرتی ہے کہ وہ چوکس رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع قریبی پولیس یونٹ کو دیں۔

Comments are closed.