دفعہ 370پر عمر عبداللہ سرکار کا یوٹرن حیران کن :وحید الرحمن پرہ

جموں،03 مارچ

پی ڈی پی کے سینئر لیڈر اور ممبر اسمبلی وحیدالرحمن پرہ نے لیفٹیننٹ گورنر کے خطبے کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس میں دفعہ 370، قیدیوں کی رہائی جیسے اہم مسائل پر بات ہی نہیں ہوئی انہوں نے کہاکہ اگر موجودہ حکومت نے طے کیا ہے کہ وہ ایل جی انتظامیہ کی طرز پر ہی سرکار چلائے گی تو یہ لوگوں کے منڈیٹ کے ساتھ بہت بڑی نا انصافی ہے ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔

انہوں نے کہاکہ جہاں تک لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے خطبے کا تعلق ہے تو اس میں 370کی بحالی، قیدیوں کی رہائی، ڈیلی ویجروں کی نوکریاں مستقل کرنے جیسے اہم مسائل پر کچھ نہیں کہا گیا۔

وحید الرحمن پرہ نے کہاکہ چونکہ ایل جی کا خطبہ جموں وکشمیر سرکار ہی طے کرتی ہے لیکن ہمیں مایوسی ہوئی کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی سرکار نے اہم مسائل سے یوٹرن لیا ہے۔

ان کے مطابق جموں وکشمیر کے لوگوں نے اہم مسائل کو حل کرنے کی خاطر ہی نیشنل کانفرنس کو منڈیٹ دیا لیکن آج وہ لوگوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں سے منحرف ہو رہے ہیں۔

وحید الرحمن پرہ نے کہاکہ پی ڈی پی نے شراب کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کرنے ، ڈیلی ویجروں کی نوکریاں مستقل کرنے کے حوالے سے پرائیوٹ بلیں جمع کرائی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آج بھی جموں وکشمیرمیں نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لا کر انہیں باہر کی ریاستوں میں مقید رکھا جارہا ہے، لوگوں کے رہائشی مکان قرق کئے جارہے ہیں جبکہ سرکاری ملازمین کو نوکریوں سے برخواست کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے

Comments are closed.