عمر عبداللہ، محبوبہ مفتی کا میر واعظ عمر فاروق کے والد نسبتی کے انتقال پر اظہار دکھ

سری نگر، 27 فروری

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے میر واعظ کشمیر عمر فاروق کے والد نسبتی کے انتقال پر گہرے غم کا اظہار کیا ہے۔میر واعظ کشمیرکے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ میر واعظ کشمیر مولوی عمر فاروق کے والد نسبتی ڈاکٹر غلام سبطین مسعودی گذشتہ رات دیر گئے طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

عمر عبداللہ نے اظہار دکھ کرتے ہوئے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘ انا للہ و انا الیہ راجعون، میر واعظ عمر فاروق کے والد نسبتی ڈاکٹر سبطین مسعودی صاحب کے انتقال کی خبر سن کر افسوس ہوا، اللہ ڈاکٹر مسعودی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے’۔انہوں نے میر واعظ اور ان کے چاہنے والوں کی خدمت میں تعزیت پیش کی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا: ‘ڈاکٹر سبطین مسعودی صاحب میرے سینئر ساتھی مسعود حسنین صاحب کے برادر تھے’۔انہوں نے جسٹس (ر) حسنین مسعودی اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ تعزیت پیش کی۔

پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے میر واعظ کے والد نسبتی کے انتقال پر غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ‘میر واعظ صاحب کے والد نسبتی ڈاکٹر غلام سبطین مسعودی صاحب کے انتقال کی خبر سن کر صدمہ ہوا’۔انہوں نے غم کی اس گھڑی میں غم زدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی۔دریں اثنا جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری نے بھی میر واعظ عمر فاروق کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔

Comments are closed.