بالائی علاقوں بشمول سیاحتی مقامات پر تازہ برف باری، میدانی علاقوں میں بارشیں

سری نگر،25فروری

وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں بشمول سیاحتی مقامات پر تازہ برف باری ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید برف و باراں متوقع ہے۔

اطلاعات کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے عین مطابق منگل کی سہ پہر سے وادی کشمیر کے بالائی علاقوں بشمول سیاحتی مقامات پر تازہ برف باری ہوئی ہے۔

نامہ نگار نے بتایا کہ سیاحتی مقامات سونہ مرگ، گلمرگ اور دودھ پتھری میں تازہ برف باری کی وجہ سے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شام دیر گئے جنوبی کشمیر کے شوپیاں ، کولگام اور اننت ناگ کے بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جبکہ میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشیں ہو رہی ہیں۔

شمالی کشمیر سے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ بارہ مولہ کے بالائی علاقوں کے ساتھ ساتھ شہرہ آفاق گلمرگ اور ٹنگمرگ میں بھی اچھی خاصی برف باری ہوئی ۔

انہوں نے کہاکہ گلمرگ میں پانچ انچ، ٹنگمرگ میں تین انچ ، حاجی بل بارہ مولہ میں تین سے چار انچ، کنڈی بارہ مولہ ، رفیع آباد اپر بیلٹ میں تین سے چار انچ برف ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اوڑی کے اوپری پہاڑی علاقوں میں بھی یہ رپورٹ فائل کرنے تک برف باری کا سلسلہ جاری تھا۔

جنوبی کشمیر سے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ ہر پورہ شوپیاں میں منگل کی سہ پہر برف باری ہوئی جبکہ پہاڑی ضلع کے میدانی علاقوں میں رک کر بارشیں ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کولگام ، شوپیاں، اننت ناگ کے ساتھ ساتھ پیر پنچال کی پہاڑیوں پر بھی تازہ برف باری ریکارڈ ہوئی ہے۔

وسطی ضلع گاندربل کے سیاحتی مقام سونہ مرگ میں بھی برفباری ہوئی ہے جبکہ بڈگام کے یوسمرگ اور دودھ پتھری سیاحتی مقامات میں بھی تازہ برف باری کے بعد سفید چادر بچھ گئی ہے۔

دریں اثنا محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک بڑے پیمانے کی مغربی ہوا داخل ہونے کے نتیجے میں وادی کشمیر میں خاص کر 25 فروری کی شام سے 28 فروری کی دوپہر تک وسیع پیمانے پر برف وباراں کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ 25 اور 26 فروری کو یہ سرگرمیاں زور پکڑ سکتی ہیں جس کے نتیجے میں وادی کے پہاڑی علاقوں خاص کر کپوارہ، بانڈی پورہ اور گاندربل کے پہاڑی علاقوں میں درمیانی سے بھاری درجے کی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ 27 اور 28 فروری کو جنوبی، وسطی اور شمالی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں درمیانی سے بھاری برف باری کا امکان ہے جبکہ اس دوران وادی کے میدانی علاقوں میں بھی بارشوں کے ساتھ ساتھ برف باری متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ 27 فروری کو سری نگر میں بھی بارشوں کے ساتھ ہلکی برف باری متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے کشمیر اور جموں صوبوں کے صوبائی کمشنروں کو ایک ایڈوائزری ارسال کی ہے

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے: ‘ایک تازہ فعال ویسٹرن ڈسٹربنس 25 فروری کی شام سے 28 فروری کی شام تک جموں و کشمیر اور اس سے ملحقہ علاقوں کو متاثر کر سکتی ہے’۔

ایڈوائزری کے مطابق اس موسمی نظام کے زیر اثر جموں و کشمیر کے بیشتر مقامات پر درمیانے درجے کی بارشوں اور برف باری کا امکان ہے۔

محکمے نےایڈوائری میں کہا ہے کہ ان ایام کے دوران خاص کر سادھنا پاس، راز ان پاس، سونہ مرگ – زوجیلا – گمری ایکسز، مغل روڈ، سنتھن ٹاپ اور دیگر پہاڑی علاقوں کی سڑکوں پر ٹرانسپورٹ عارضی طور پر متاثر رہ سکتا ہے۔

سیاحوں اور ٹرانسپورٹروں سے ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے جبکہ کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس دوران اپنے کھیت کھلیانوں میں آبپاشی و دیگر کام کرنے سے احتراز کریں

Comments are closed.