جموں میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے موثر حکمت عملی ناگزیر : منوج سنہا

جموں13فروری

جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی سربراہی میں جمعرات کو جموں میں ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں پولیس، فوج، بی ایس ایف، سی آرپی ایف ، سراغ رساں ایجنسیوں کے آفیسران اور صوبائی انتظامیہ کے عہدیداروں نے شرکت کی۔

ایل جی منوج سنہا نے میٹنگ کے دوران آفیسران کو ہدایت دی کہ سرگرم ملی ٹینٹوں اور ان کے اعانت کاروں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا جائے۔

انہوں نے پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر بھی انسداد دراندازی گرڈ کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی سربراہی میں جموں میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران جموں وکشمیر کی مجموعی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق میٹنگ کے دوران اے ڈی جی پی جموں نے منوج سنہا کو جموں صوبے کی سیکورٹی صورتحال کے بارے میں پاور پوانٹ پرزنٹیشن کے ذریعے مکمل جانکاری فراہم کی۔

اے ڈی جی پی نے اس موقع پر کہاکہ جموں میں امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی خاطر سیکورٹی ایجنسیاں اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہی ہے۔

منوج سنہا نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا :’آج جموں صوبے کی سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔ ‘

انہوں نے کہاکہ سیکورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ جموں صوبے میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور دہشت گردوں کی حمایت کرنے والوں کے خلاف موثر طریقے سے نپٹا جائے۔

لیفٹیننٹ گورنر نے کہا :’دہشت گردوں کو لاجسٹک اور مالی معاونت فراہم کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لانے کی ضرورت ہے۔ ‘

انہوں نے یہ بھی کہاکہ عوام الناس میں خوف پیدا کرنے والے افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف بھی سخت کارروائی ناگزیر ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں کی مدد و اعانت کرنے والوں کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔

منوج سنہا نے کہاکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی خاطر زیادہ موثر طریقے سے کام کرنے کی ضرورت ہے اور یہ کہ ہمیں روایتی اور غیر روایتی خطرات کے لئے ہمہ وقت تیار رہنا چاہئے۔

واضح رہے کہ بدھ کے روز لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سری نگر میں کشمیر صوبے کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کی خاطر پولیس کنٹرول روم میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی ۔

Comments are closed.