’ہم جموں وکشمیر میں پراکسی جنگ لڑ رہے ہیں ‘:ڈاکٹر شیش پال وید
سرینگر:چرار شریف بڈگام اور صورہ سرینگرمیں پولیس اہلکاروں کے پے درپے مسلح حملوں کے پس منظر میں ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے کہا ہے کہ ریاستی پولیس جموں وکشمیر میں ’پراکسی جنگ‘ یعنی درپردہ جنگ لڑ رہی ہے ۔
ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ایس پی وید نے پولیس اہلکاروں سے کہا کہ وہ محتاط رہیں ،کیونکہ ہم ریاست میں پراکسی جنگ لڑ رہے ہیں ۔چرار شریف اور صورہ سرینگر میں پولیس اہلکاروں پر مسلح حملوں میں دو اہلکاروں کے ازجان ہونے کے پس منظرمیں ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے سماجی رابطہ ویب سائٹ ٹویٹر پر تحریر کرتے ہوئے کہا ’قابل قدر ساتھی ایس جی سی کر تار سنگھ کے جانی نقصان پر درد ہوا جو چرار شریف زیارت کی حفاظت پر مامورتھے ۔
انہوں نے ایک ٹویئٹ میں کہا ’ہم نے ایک اور قیمتی زندگی اُس وقت کھودی ہے ،جب کانسٹیبل فاروق احمد سرینگر میں مسلح حملے میں ازجان ہوا ۔ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ایس پی وید نے مزید کہا ’لڑکوں مزید ہوشیار اور محتاط رہو،یہ پراکسی جنگ ہے جو ہم جموں وکشمیر میں لڑ رہے ہیں ‘۔
یاد رہے کہ اتوار کو دو علیحدہ علیحدہ مسلح حملوں میں چرار شریف اور صورہ سرینگر میں دو پولیس اہلکار ازجان ہوئے ۔اتوار کی صبح پہلا مسلح چرار شریف کی زیارت کی حفاظت پر مامور اہلکار پر ہوا جس دوران مسلح حملہ آروں نے مذکورہ اہلکار پر قریب سے گولی ماری اور اسکی سروس رائفل اُڑاکر فرار ہوئے ۔اس حملے میں کر تار سنگھ نامی پولیس اہلکار ازجان ہوا۔
اتوار کی شام دیر گئے حریت لیڈر کی حفاظت پر مامور اہلکار پر فائرنگ کی گئی ۔یہاں بھی مسلح حملہ آور مذکورہ اہلکار کی سروس رائفل اُڑ اکر فرار ہوئے ۔پولیس نے دونوں مسلح حملوں کے حوالے سے علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔
دریں اثناءپوری وادی میں سیکورٹی ایجنسیوں کو مزید الرٹ کردیا گیا جبکہ پولیس اہلکاروں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
Comments are closed.