بارہمولہ میں مبینہ طور پر چیکنگ پوسٹ کو نظر انداز کرنے پر فوج کی فائرنگ میں ٹرک ڈرائیور جاں بحق
سری نگر، 6 فروری
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں دوران شب مبینہ طور پر ایک سیکورٹی چیکنگ پوسٹ کو نظر انداز کرنے پر فوج کی فائرنگ سے ایک ٹرک ڈرائیور جاں بحق ہوا۔
فوج کی چنار کور نے جمعرات کو ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا: ’05 فروری 2025 کو دہشت گردوں کی نقل و حرکت کے بارے میں ایک مخصوص انٹلی جنس ان پٹ کی بنیاد پر سیکورٹی فورسز نے ایک موبائل وہیکل چیک پوسٹ (ایم وی سی پی) قائم کیا’۔انہوں نے کہا: ‘اس دوران ایک تیز رفتار مشکوک سول ٹرک کو دیکھا گیا جب اس کو چیلنج کیا گیا تو ٹرک بار بار وارننگز کے باوجود نہیں رکا بلکہ چیک پوسٹ کو عبور کرتے ہوئے رفتار کو مزید تیز کر دیا’۔
پوسٹ میں کہا گیا: ‘چوکس فوجیوں نے 23 کلومیٹر سے زیادہ تک گاڑی کا تعاقب کیا، ٹائروں پر گولیاں چلائی گئیں جس سے گاڑی کو سنگرامہ چوک پر رکنا پڑا’انہوں نے کہا: ‘ تفصیلی تلاشی کے نتیجے میں زخمی ڈرائیور کو سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) بارہمولہ منتقل کیا جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا’۔پوسٹ میں مزید کہا گیا: ‘مکمل لدے ٹرک کو قریبی پولیس اسٹیشن بھیج دیا گیا ہے جہاں پولیس کی تحویل میں ٹرک کی تفصیلی تلاش جاری ہے اور مشتبہ شخص کے بارے میں تفتیش جاری ہے’۔ذرائع نے مقتول ڈرائیور کی شناخت وسیم احمد ساکن بومئی سوپور کے طور کی ہے۔
Comments are closed.