حاجن :جنگجو اور فورسز کے مابین گولیوں کا تبادلہ ،مظاہرین اور فورسز کے درمیان جھڑپیں ،متعدد مضروب

حاجن:شمالی ضلع بانڈی پورہ کے حساس قصبہ حاجن میں پیر کی علی الصبح اُس وقت جنگجوﺅں اور فوج وفورسز کے درمیان آمنا سامنا ہوا ہے ،جب فوج فورسز نے ایک اطلاع کی بنیاد پر قصبے کے بان محلہ علاقے میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا ۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ فوج وفورسز کو ایک خفیہ اطلاع ملی تھی مذکورہ بالا علاقے میں جنگجو موجود ہےں ،جسکے بعد13آر آر ، سی آر پی ایف اور ایس او جی اہلکاروں نے سوموار کی صبح5بجے علاقہ کو محاصرے میں لیا۔

ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں تلاشی کارروائی کے دوران جنگجوﺅں اور فوج وفورسز کے درمیان آمنا سامنا ہوا جس دوران جنگجوﺅں نے فورسز اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کی ۔ذرائع نے بتایا کہ جوابی کارروائی میں فورسز اہلکاروں نے بھی فائرنگ کی جسکے ساتھ ہی طرفین کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔

پولیس حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جنگجوﺅں اور فوج وفورسز کے درمیان15منٹ تک گولیوں کا تبادلہ ہوا ۔تاہم ذرائع نے بتایا کہ جنگجو محاصرہ توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ۔

اس دوران ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بان محلہ حاجن میں جنگجوﺅں اور فوج وفورسز کے درمیان مختصر جھڑپ کے دوران تشدد بھی بھڑک اٹھا ۔بتایا کہ جاتا ہے کہ جنگجو مخالف آپریشن میں رخنہ اندازی کرنے کےلئے نوجوانوں کی ٹولیوں نے احتجاجی مظاہرے کئے ۔مظاہرین نے مشتعل ہو کر فورسز پر پتھراﺅ کیا ،جس دوران فورسز نے مظاہرین کو تتربتر کرنے کےلئے ٹیر گیس شلنگ کی ۔

معلوم ہوا ہے کہ طرفین کے مابین پرتشدد جھڑپوں میں متعدد افراد مضروب ہوئے جن میں سے ایک شناخت ریاض احمد ولد غلام نبی ساکنہ راتھر محلہ بان محلہ کے بطور ہوئی ۔ذرائع نے بتایا کہ پُر تشدد جھڑپوں اور جنگجو ﺅں کے فرار ہونے کے بعد کارڈن اینڈ سرچ آپریشن ختم کیا گیا ۔

Comments are closed.