سرینگر میں توہین آمیز ریمارکس کے ذریعے فرقہ وارانہ بدامنی کو ہوا دینے کے الزام میں 6 شر پسند گرفتار: پولیس

سری نگر، 15 جنوری (یو این آئی)

پولیس نے سری نگر میں توہین آمیز ریمارکس کے ذریعے فرقہ وارانہ بدامنی کو ہوا دینے کے الزام میں 6 شر پسندوں کو گرفتار کرکے سنٹرل جیل سری نگر میں حراست میں رکھا ہے۔

پولیس نے عوام کو خبر دار کیا ہے کہ اس قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پانے والے کسی بھی شخص کے خلاف ایسی ہی کارروئی عمل میں لائی جائے گی۔

سری نگر پولیس نے منگل کی شام ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا تھا: ‘سری نگر پولیس نے بعض افراد کے ذریعے کئے گئے توہین آمیز فرقہ وارانہ ریمارکس کا نوٹس لیا ہے جن سے فی الحال پولیس اسٹیشن میں پوچھ گچھ کی جارہی ہے’۔

پوسٹ میں کہا گیا تھا: ‘قانون کے مطابق مناسب قانونی کارروائی کی جائے گی، پچھلے کچھ مہینوں کے دوران یہ دیکھا گیا ہے کہ بدنیتی کے عزائم رکھنے والے کچھ افراد سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ بہتان تراشی کرتے ہوئے تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں’۔۔
سری نگر پولیس نے بدھ کے روز ‘ایکس’ پر ایک اور پوسٹ میں کہا: ‘6 شرپسندوں پر بی این ایس ایس کی دفعہ 126 اور 170 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور انہیں توہین آمیز ریمارکس کے ذریعے فرقہ وارانہ بدامنی کو ہوا دینے کے الزام میں سنٹرل جیل سری نگر میں حراست میں رکھا گیا ہے’۔

پوسٹ میں مزید کہا گیا: ‘عوام کو خبر دار کیا جاتا ہے کہ کوئی بھی فرد اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا جس میں فرقہ وارانہ مواد کو تقسیم کرنے یا عوامی ہم آہنگی کو خراب کرنے کے ارادے سے پوسٹ کرنا یا شیئر کرنا شامل ہے، تو اس کا بھی ایسا ہی انجام ہوگا’۔انہوں نے کہا کہ پولیس باریک بینی سے نظر رکھے ہوئی ہے۔

Comments are closed.