وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم مودی کے سونمرگ میں ٹنل کے افتتاح سے قبل انتظامات کا جائیزہ لیا
سونمرگ 11 جنوری
وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ سونمرگ ٹنل کے باضابطہ افتتاح سے پہلے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج گاندر بل ضلع کے سونمرگ میں پروجیکٹ سائٹ پر انتظامات کا وسیع جائیزہ لیا ۔
وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی اور ایم ایل اے کنگن میاں مہر علی کی موجودگی میں وزیر اعلیٰ کو چیف سیکرٹری اتل ڈولو اور ڈویژنل کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے سرینگر۔ لہیہ ہائی وے پر اسٹریٹجک 6.4 کلو میٹر ٹنل کے افتتاح کی جامع تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی ۔
وزیر اعلیٰ نے ٹنل ٹیوبوں کا معائینہ کیا اور پروجیکٹ کی تعمیر میں شامل انجینئرز اور ورکرز سے بات چیت کی اور اس اہم انفراسٹرکچر کو مکمل کرنے میں ان کی کوششوں کو سراہا ۔
انہوں نے اس مقام کا بھی دورہ کیا جہاں وزیر اعظم مودی ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرنے والے ہیں اور اس منصوبے کو باضابطہ طور پر قوم کے نام وقف کریں گے ۔ خطے کی سیاحتی صلاحیت کی عکاسی کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے گاندر بل کو سرمائی کھیلوں کی ایک اہم منزل کے طور پر پوزیشن دینے کے اپنے وژن کا اعادہ کیا ۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سونمرگ ٹنل نہ صرف سونمرگ سے ہمہ موسمی رابطے کو یقینی بنائے گی بلکہ گلمرگ کو اسکیئنگ اور سرمائی کھیلوں کی ایک اور منزل کے طور پر بھی پورا کرے گی جس سے سیاحت اور اقتصادی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی ۔
سونمرگ ٹنل سرینگر اور لہیہ کے درمیان رابطے کو بہتر بنانے ، سونمرگ تک ہر موسم کی رسائی کو یقینی بنانے اور خطے کے اقتصادی اور سیاحتی امکانات کو بڑھانے میں ایک اہم سنگِ میل ہے ۔
Comments are closed.