اڑیسہ میں زیر تعلیمMBBSکشمیری طالب علم پُر اسرار طور پر لاپتہ
سر ینگر::آل انڈیا میڈیکل انسٹی چیوٹ بنیشور اڑیسہ میں زیر تعلیم سرحدی ضلع کپوارہ کا طالب علم 9فروری سے پُر اسرار طور پر لاپتہ ،لواحقین سلامتی کے حوالے سے فکرو تشویش میں مبتلا ،کالج انتظامیہ نے بھی گمشدگی کی رپورٹ درج کی ،والدین نے ریاستی حکومت سے اپیل کی کہ ان کے لخت جگر کو بازیاب کرنے کیلئے وہ اپنا اثر رسوخ استعمال کریں ۔
اے پی آئی کے مطابق سہیل احمد کٹاریہ ولد اعجاز احمد ساکنہ مرساری چوکی بل کپوارہ نامی طالب علم بھنیشور اڑیسہ کے آل انڈیا میڈیکل انسٹی چیوٹ میں ایم ایم بی ایس کے دوسرے سمسٹر میں زیر تعلیم ہیں ۔ مذکورہ طالب علم 9فروری سے پُر اسرار طور پر لاپتہ ہو گیا ہے ،مذکورہ طالب علم کے والد اعجاز احمد کٹاریہ کے مطابق 6فروری کو ان کے لخت جگر نے انہیں فون پر آگاہ کیا کہ اسے پیسوں کی ضرورت ہے ،7فروری کو میں نے اس کے بینک خاتے میں پیسے جمع کئے تاہم 20فروری تک سہیل احمد نے فون پر کوئی رابطہ نہیں کیا ۔جب ہم نے اس کے سیل فون پر رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی تو اس کا فون سوئنچ آف آرہا تھا ۔
والد کے مطابق لخت جگر کے بارے میں کوئی جانکاری نہ ملنے کے بعد وہ اس کی خیر و عافیت کیلئے بھنیشور اڑیسہ پہنچ گئے اور اسے ہر ممکنہ جگہ پر تلاش کیا تاہم اس کے بارے میں کوئی بھی سراغ نہیں ملا ۔ میڈیکل کالج کی انتظامیہ سے بھی رابطہ قائم کیا تاہم انہوںنے اس بات سے آگاہ کیا کہ انہوں نے بھی 18فروری کو سہیل احمد کی گمشدگی کے بارے میں پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کی ۔
اعجاز احمد کے مطابق اڑیسہ پولیس نے 19فروری کو ایف آئی آر زیر نمبر 21/2018درج کر کے اسے بازیاب کرنے کی کاروائی شروع کی ۔مذکورہ طالب علم کے لواحقین نے ریاستی حکومت سے اپیل کی کہ وہ ان کے لخت جگر کو بازیاب کرنے کیلئے اپنا اثر رسوخ استعمال کریں ۔ادھر اڑیسہ پولیس کے مطابق طالب علم کو بازیاب کرنے کیلئے کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔
Comments are closed.