قاضی گنڈ کو بانہال سے جوڑنے والی نویوگ ٹنل کو آنجہانی وزیر اعظم منموہن سنگھ کو وقف کیا جانا چاہئے/ وزیر اعلیٰ
سرینگر /29دسمبر /
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ سرینگر جموں قومی شاہراہ پر قاضی گنڈ کو بانہال سے جوڑنے والی نویوگ ٹنل کو آنجہانی وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو وقف کیا جانا چاہئے۔
سرینگر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے وزیر اعلی عمر عبد اللہ نے کہا کہ آنجہانی وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے جموں و کشمیر کیلئے بہت کچھ کیا۔انہوں نے کہا ”سرینگر جموں قومی شاہراہ کو چار لین کرنے کا کام ڈاکٹر منموہن سنگھ کے دور حکومت میں کیا گیا تھا۔ آج جموں اور سرینگر کے درمیان کا فاصلہ 5 گھنٹے میںطے ہوتا ہے اور یہ ان کا تعاون ہے“۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نویوگ ٹنل کو ڈاکٹر منموہن سنگھ ٹنل کا نام دیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا ” ہائی وے پر نئی سرنگوں کا کریڈٹ کسی کو لینے دیں لیکن ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ کی ترقی کا عمل آنجہانی وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے شروع کیا تھا“۔
وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کو ایک سچا سیاستدان قرار دیا اور کہا کہ جموں و کشمیر کے تئیں ان کی شراکت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا ”ڈاکٹر سنگھ کے دور حکومت میں کشمیر پر گول میز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، مکالمہ کاروں کا تقرر کیا گیا، کنٹرول لائن کے پار تجارت شروع کی گئی، جموں و کشمیر کے طلباءکیلئے خصوصی اسکالرشپ سکیم متعارف کرائی گئی، کشمیری پنڈتوں کی بحالی کے لیے ٹھوس اقدامات کیے گئے اور بہت سے دوسرے اقدامات کیے گئے“۔
Comments are closed.