کشمیر کے بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع

 (Snow n rain
سری نگر: وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے عین مطابق بالائی علاقوں بشمول شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں سردی کی لہر نے ایک بار پھر وادی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ وادی کے میدانی علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ ہفتہ کی علی الصبح شروع ہوا۔
 بارشوں کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے دن بھر جاری رہا۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے یو این آئی کو بتایا کہ بحیرہ عرب سے اٹھنے والی مغربی ہوائیں براستہ افغانستان و پاکستان خطہ میں داخل ہوگئی ہیں اور ان مغربی ہواوو ¿ں کے نتیجے میں ریاست میں اگلے 48 گھنٹوں کے دورا ن بارش یا برف باری ہوسکتی ہے۔
وادی میں اگرچہ گذشتہ چند دنوں کے دوران اچھی خاصی دھوپ کھلی رہی جس کو دیکھتے ہوئے اہلیان وادی نے روایتی کشمیری لباس ’پھیرن‘ اور جیکٹوں کا استعمال دن کے وقت ترک کردیا تھا، تاہم ہفتہ کو سردی کی واپسی کے ساتھ ہی لوگوں کو ایک بار پھر پھیرن اور جیکٹ زیب تن کئے ہوئے دیکھا گیا۔ شمالی کشمیر میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں ہفتہ کی صبح برف باری کا تازہ سلسلہ شروع ہواجس سے وہاں موجود سیاحوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔
 گلمرگ سے ایک ہوٹل مالک نے یو این آئی کو فون پر بتایا ’یہاں برف باری کا سلسلہ ہفتہ کی صبح شروع ہوا۔ برف باری کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ یہاں پہلے سے ہی قریب ایک فٹ برف کھڑی ہے‘۔ گلمرگ میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یو این آئی

Comments are closed.