پاکستان اور چین بھارت کے خلاف پراکسی جنگ لڑنے میں مصروف 

سوچے سمجھے منصوبے کے تحت بنگالی مسلمان نقل مکانی کرکے بھارت منتقل ہورہے ہیں: جنرل بپن راوت
سرےنگر/ 22 فروری /سی این آئی پاکستان اور چین پر ایک مرتبہ بھارت کے خلاف پراکسی جنگ چھیڑنے کا الزام عائد کرتے ہوئے فوجی سربراہ جنرل بپن راوت نے کہا ہے کہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت بنگلہ دیش سے بڑی تعداد میں مسلمان نقل مکانی کرکے بھارت کی شمالی مشرقی ریاستوں بشمول آسام میں منتقل ہورہے ہیں، جس کا مقصد ان علاقوں میں عدم استحکام پیدا کرنا اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ہے۔سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق نئی دہلی میں پریس کانفرنس کے دوران فوجی سربراہ جنرل بپن راوت نے کہا کہ اس سب کے پیچھے پاکستان کا ہاتھ ہے جس نے چین کی مدد سے بھارت کے خلاف پراکسی وار (بلواسطہ جنگ) چھیڑ رکھی ہے۔ آرمی چیف نے پاکستان اور چین کا نام لیے بغیر کہا کہ مغرب میں ہمارا ہمسایہ ملک یہ پراکسی گیم کھیل رہا ہے اور اس کام میں ہمارا شمالی پڑوسی اس کی مدد کررہا ہے، ان دونوں ممالک کی ہمیشہ سے ہماری شمالی مشرقی ریاستوں پر نظر ہے اور وہ اس پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔آرمی چیف نے کہا کہ آسام میں مسلمانوں کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ آسام میں بی جے پی سے بھی زیادہ تیزی سے مسلمانوں کی سیاسی جماعت آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ ترقی کررہی ہے، جب کہ پہلے آسام کے 5 اضلاع میں مسلمانوں کی اکثریت تھی لیکن اب 9 اضلاع میں مسلمان اکثریت میں ہیں، اب اس علاقے میں آبادی کے تناسب کو بدلنا ممکن نہیں رہا تاہم ہمیں خطے میں رہنے والے لوگوں کو باہم متحد کرنے کی کوششیں کرنی چاہئیں۔ادھر آرمی چیف کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کے سربراہ مولانا بدرالدین اجمل نے کہا کہ شدید افسوس کی بات ہے کہ جنرل راوت نے اب سیاسی بیانات بھی جاری کرنے شروع کردیے ہیں۔جنرل راوت کے بیان پر مسلمانوں کا ردعمل سامنے آنے کے بعد بھارتی فوج کو وضاحتی بیان جاری کرنا پڑا جس میں کہا گیا کہ آرمی چیف کے بیان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، وہ صرف شمال مشرقی ریاستوں کی مجموعی صورتحال اور ترقی پر گفتگو کر رہے تھے۔

Comments are closed.