جموں وکشمیر حکومت نے نو منتخب وزرا کو قلمدان مختص کئے

سری نگر، 18 اکتوبر

جموں وکشمیر حکومت نے جمعہ کے روز نو منتخب وزراء کو محکمے تفویض کرنے کا اعلان کیا۔راج بھون سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیر انتظامیہ میں مختلف وزراء کی محکمانہ ذمہ داریوں کا خاکہ پیش کیا ہے۔خاکے کے مطابق نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری پبلک ورکس (آر اینڈ بی)، صنعت و تجارت، کان کنی، محنت اور روزگار، ترقی، اور ہنر مندی کی ترقی کی نگرانی کریں گے۔
سکینہ مسعود (یتو) ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سکول ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن اور سوشل ویلفیئر کی ذمہ دار ہوں گی۔جاوید احمد رانا کو جل شکتی، جنگلات، ماحولیات اور قبائلی امور کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔جاوید احمد ڈار کو ذرعی پیداوار، دیہی ترقی اور پنچایتی راج، کوآپریٹو اور الیکشن کا قلمدان سونپا گیا ہے جبکہ ستیش شرما فوڈ، سول سپلائیز اور کنزیومر افیئرز، ٹرانسپورٹ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، یوتھ سروسز اور اسپورٹس اور اے آر آئی اور ٹریننگ کی نگرانی کریں گے۔قابل ذکر ہے کہ مذکورہ وزرا نے 16 اکتوبر کو شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں حلف اٹھایا تھا۔

Comments are closed.