وزیر داخلہ امت شاہ آج ڈوڈہ میں تین انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے

جموں، 16 ستمبر

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ آج جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی مہم کے آخری دن ضلع ڈوڈہ میں تین انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ پیر کے روز رام بن، کشتواڑ اور پڈر میں تین انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کے خطابات سے پارٹی کے امید واروں اور کارکنوں کے حوصلے مزید بلند ہوں گے۔قبل ازیں امیت شاہ نے 6 ستمبر کو جموں کا دورہ کیا تھا اور اس دوران انہوں نے پارٹی کا منشور جاری کے علاوہ پارٹی کارکنوں کے کنونشن سے بھی خطاب کیا تھا۔یہ وزیر داخلہ کا پندرہ دنوں کے دوران اس خطے کا دوسرا دورہ ہوگا۔دریں اثنا حکام نے وزیر داخلہ کے دورے کے پیش نظر علاقے میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی نے 14 ستمبر کو ڈوڈہ میں ایک عظیم الشان انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم 19 ستمبر کو سری نگر میں شیر کشمیر پارک میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

ادھر مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے اتوار کے روز کے بتایا کہ بی جے پی صدر جے پی نڈا 20 ستمبر کو جموں کا دورہ کریں گے اور مندروں کے شہر میں ایک میگا روڈ شو میں شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ جموں وکشمیر میں تین مرحلوں پر اسمبلی انتخابات باترتیب 18 ستمبر، 25 ستمبر اور یکم اکتوبر کو منعقد ہو رہے ہیں جبکہ ووٹوں کی گنتی 8 اکتوبر کو ہوگی۔

Comments are closed.