پونچھ :گرسی ٹاپ پر ملی ٹینٹوں اور فورسز کے مابین جھڑپ کے بعد تلاشی آپریشن جاری
جموں15 ستمبر(یو این آئی)جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع کے جنگلی علاقے گرسی ٹاپ کے نزدیک سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اتوار کی صبح پونچھ کے گرسی ٹاپ پر سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین دوبدو گولیوں کا تبادلہ ہوا ۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے درمیانی شب پونچھ کے گرسی ٹاپ علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہاکہ تلاشی کے دوران جنگل میں موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران گولیوں کا تبادلہ کئی منٹوں تک جاری رہا۔
ان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے گرسی ٹاپ اوراس کے ملحقہ علاقوں کو سیل کرکے فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
باوثوق ذرائع کے مطابق جنگلی علاقے میں لشکر کمانڈر اور اس کے دو ساتھی پھنس کر رہ گئے ہیں۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں آپریشن جاری تھا۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
Comments are closed.