مغل روڈ پرسڑک حادثہ، ایک مسافر لقمہ اجل، 8 دیگر زخمی

جموں، 29 اگست

وادی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو جموں خطے کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے مغل روڈ پر جمعرات کی صبح ایک سڑک حادثے میں ایک مسافر کی موت جبکہ آٹھ دیگر زخمی ہوئے۔ذرائع نے بتایا کہ مغل روڈ پر چاندی موڑ کے نزدیک جمعرات کی صبح ایک ایکو گاڑی زیر نمبر JK12D – 1910 حادثے کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں ایک شخص کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ آٹھ دیگر زخمی ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ پہنچایا گیا جہاں سے تین شدید زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری ریفر کیا گیا جن کی شناخت 23 سالہ لال حسین ولد خادم حسین، 18 سالہ شاہد احمد ولد عبدالحق اور طارق احمد (ڈرائیور) ولد محمد رشید کے طور پر ہوئی ہے۔
متوفی کی شناخت یاسر احمد ولد منظور احمد کے طور پر کی گئی ہے جبکہ سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ میں زیر علاج زخمیوں کی شناخت ظفر اقبال، سالہ شہنواز احمد، نثار احمد، مقصود احمد اور مختار احمد کے طور پر کی گئی ہے جو سب مرہوت گائوں کے رہنے والے ہیں۔دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔

Comments are closed.