کپوارہ میں ایل او سی پر در اندازی کی الگ الگ کوششوں کے دوران تین ملی ٹنٹ جاں بحق:فوج

سری نگر، 29 اگست

فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے مژھل اور ٹنگڈار سیکٹروں میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پرسیکورٹی فورسز کی طرف سے در اندازی کی کوششوں کو ناکام بنانے کے دوران تین ملی ٹنٹوں کے مارے جانے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹنگڈار سیکٹر میں ایک جبکہ مژھل سیکٹر میں 2 ملی ٹنٹوں کے ہلاک ہونے کا امکان ہے جبکہ دونوں سیکٹروں میں آپریشنز ہنوز جاری ہیں۔

فوج کی چنار کور نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا:’در اندازی کی ممکنہ کوششوں کے بارے میں مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر فوج اور جموں و کشمیر پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کپوارہ کے ٹنگڈار علاقے میں مشترکہ آپریشن شروع کر دیا’انہوں نے کہا: ‘اس دوران ایک دہشت گرد کے ہلاک ہونے کا امکان ہے’۔ان کا کہنا ہے کہ علاقے میں آپریشن ہنوز جاری ہے۔

اسی نوعیت کے ایک اور واقعے کے متعلق جانکاری فراہم کرتے ہوئے چنار کور نے اپنے ایک اور پوسٹ میں کہا کہ در اندازی کی ممکنہ کوششوں کے بارے میں مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر فوج اور جموں وکشمیر پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کپوارہ کے مژھل سیکٹر میں مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔انہوں نے کہا: ‘خراب موسم میں مشکوک نقل و حمل کو دیکھا گیا جس پر جوانوں نے موثر فائرنگ کی’۔

پوسٹ میں کہا گیا: ‘دو دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کا امکان ہے’انہوں نے کہا کہ علاقے میں آپریشن ہنوز جاری ہے۔بتادیں کہ یہ واقعات اس وقت رونما ہو رہے ہیں جب جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے لئے گہماگہمی بام عروج ہے۔

Comments are closed.