نیشنل کانفرنس کے اُمیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی داخل کئے

سرینگر:27اگست

صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ آج حلقہ پانپور، راجپورہ اور پلوامہ سے پارٹی اُمیدواروں جسٹس (ر) حسنین مسعودی، خواجہ غلام محی الدین میر اور خواجہ محمد خلیل بند کے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے دوران اُن کے ہمراہ رہے۔ اس دوران جگہ جگہ پر پارٹی کارکنوں اور مقامی لوگوں نے پارٹی صدر اور اُمیدواروں کا گرمجوشی کیساتھ استقبال کیا ۔

اس دوران پارٹی ہیڈکوارٹر مجاہد منزل پلوامہ میں ایک شاندار تقریب کا بھی انعقاد ہوا، جس سے پارٹی صدر نے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب کہا کہ ریاستی عوام کے سامنے ایک سوال اور امتحان یہ ہے کہ وہ اپنی ریاست کو کسی طرح بچا سکتے ہیں اور یہاں کا تشخص، انفرادیت، شناخت، وحدت اور صدیوں کے بھائی چارے کا سرمایہ کیسے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہی موجودہ دلدل سے اس قوم نکالنے کی اہلیت رکھتی ہے کیونکہ اس جماعت نے ماضی میں بھی جموں وکشمیر کے عوام کو کئی مشکل ترین آزمائشوں، امتحانات اور کٹھن ادوار سے نجات دلائی ہے۔ ہمیں اُمید ہے کہ جموں وکشمیر کے عوام آنے والے اسمبلی انتخابات میں ہمیں بھر پور تعاون اور اشتراک فراہم کرکے اپنی خدمت اور راحت پہنچانے کا موقع فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دشمنوں کے ادارے نیک نہیںہیں، یہ لوگ اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کیخلاف صف آرءہیں۔ ان لوگو ں کے عزائم ٹھیک نہیں ہیں، ان کا ہر ایک اقدام مسلمانوں کیخلاف ہوتا ہے۔

کل ہی ان کے بڑے لیڈر نے کہا کہ اگر مسلمانوں کو یہاں رہنا ہے تو مخصوص دور نعرے دینے پڑیں گے۔ ہمارے دشمنوں نے ہماری اس ریاست کی خصوصی پوزیشن کو چھینا، اس تاریخی ریاست کے دو ٹکڑے کرکے اس کا درجہ کم کیا، موجودہ انتخابات میں ہمیں ان دشمنوں کو اپنے قیمتی ووٹ کے ذریعے منہ توڑ جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دفعہ370اور 35اے کی بحالی کیلئے پُرعزم ہیں، اور ہم ایک طویل لڑائی لڑنے کیلئے بھی تیار ہیں، اگر ہندوستان کو آزادی حاصل کرنے میں 70سال لگے تو ہم بھی اپنے حقوق کی بحالی کیلئے طویل جدوجہد کرسکتے ہیں۔

ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے جموں وکشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود اور راحت کیلئے ایک منظم منشور تیار کیا ہے اور پارٹی سے وابستہ ہرایک فرد کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس منشور کو گھر گھر خصوصاً نوجوانوں کے پاس لے کر جائیں۔ اس موقعے پر سابق پی ڈی پی لیڈرمحمد رفیق پنڈت (سابق ڈی ایس پی) اور مقامی ٹریڈ لیڈر فیاض احمد وانے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی۔ تقریب پر رکن پارلیمان جسٹس (ر) حسنین مسعودی، ضلع صدر پلوامہ خواجہ غلام محی الدین میربھی موجود تھے۔ ادھر پارٹی نائب صدر عمر عبداللہ نے پارٹی اُمیدواروں سینئر پارٹی لیڈر ڈاکٹر بشیر احمد ویری، محمد الطاف کلو اور ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی کے کاغذات نامزداگی داخل کرنے کے دوران اُن کے ہمراہ رہے۔ اس دوران جگہ جگہ پر پارٹی کارکنوں اور مقامی لوگوں نے پارٹی صدر اور اُمیدواروں کا گرمجوشی کیساتھ استقبال کیا ۔

Comments are closed.