اے سی بی نے پٹواری حلقہ فتح پورہ اننت ناگ کورشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر دبوچا
سری نگر،یکم اگست
اینٹی کرپشن بیورو نے پٹواری حلقہ فتح پورہ اننت ناگ کو سائل سے پانچ ہزار روپیہ کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
اے سی بی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اینٹی کرپشن بیورو کو تحریری طورپر ایک شکایت موصول ہوئی کہ پٹواری حلقہ فتح پورہ اننت ناگ محمد ایوب ہجام انتخاب اراضی کے حصول کی خاطر نو ہزار روپیہ رشوت کا تقاضہ کر رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ شکایت کنندہ کی زوجہ نے امسال فروری کے مہینے میں زمین خریدی اور انتخاب اراضی کے کاغذات کے حصول کی خاطر متعلقہ پٹواری سے رابط قائم کیا جس نے نو ہزار روپیہ رشوت طلب کی اور بعد ازاں معاملہ پانچ ہزار روپیہ پر طے ہوا۔
اے سی بی ترجمان کے مطابق شکایت کنندہ نے رشوت کے بجائے اینٹی کرپشن بیورو کا دروازہ کھٹکھٹایا۔
ان کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے بعد انسداد رشوت ستانی بیورو نے پٹواری کے خلاف کیس درج کرکے قانونی چارہ جوئی کا آغاز کیا۔
اے سی بی کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن بیورو نے جال بچھایا جس دوران پٹواری محمد ایوب ہجام ولد محمد رمضان ساکن ویسو کو سائل سے پانچ ہزار روپیہ کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آزاد گواہوں کی موجودگی میں پٹواری کے قبضے سے رشوت کی رقم برآمد کی گئی۔
اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے۔
Comments are closed.