فوجی سربراہ وارد جموں، سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے

جموں،20جولائی

فوجی سربراہ جنرل اوپندرا دویدی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ہفتے کی سہ پہر جموں وارد ہوئے ۔معلوم ہوا ہے کہ آرمی چیف سخت سیکورٹی کے بیچ پولیس ہیڈ کواٹر پہنچے جہاں پر وہ سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیں گے۔اطلاعات کے مطابق جموں صوبے میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں غیر معمولی اضافہ کے بیچ فوجی سربراہ جنرل اوپندرا دویدی ہفتے کی سہ پہر جموں پہنچے ۔

ذرائع نے بتایا کہ آرمی چیف یہاں پولیس ہیڈ کواٹر میں ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں پولیس ، فوج ، نیم فوجی دستے اور انٹیلی جنس کے اعلیٰ آفیسران شرکت کریں گے۔معلوم ہوا ہے کہ اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں وزارت داخلہ اور وزارت دفاع کے سینئر آفیسران کی بھی شرکت متوقع ہے۔باوثوق ذرائع کے مطابق دراندازی کے ذریعے اس طرف آنے والے غیر ملکی ملی ٹینٹوں کو مار گرانے کی خاطر فوج جموں وکشمیر پولیس کے ساتھ مشترکہ آپریشن چلا رہی ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ میٹنگ کے دوران جموں صوبے میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کرنے کو ہری جھنڈی دکھائی جا سکتی ہے۔

بتادیں کہ 30جون کو ہندوستانی فوج کے 30ویں سربراہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد تین ہفتوں کے دوران آرمی چیف کا یہ دوسرا دورہ جموں وکشمیر ہے۔

Comments are closed.