کشمیر فائٹ بلاگ کیس :عدالت نے ایس ایم سی کے سابق سیکریٹری کو ایک لاکھ مچلکہ پر ضمانت دی
سری نگر،19جولائی
سری نگر کی ایک خصوصی عدالت نے جمعہ کو سری نگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) کے سابق سکریٹری صوفی محمد اکبر کو ضمانت دے دی ہے
ایس ایم سی کے سابق سیکریٹری صوفی محمد اکبر کو جولائی 2021میں چار دیگر ملزمان کے ساتھ آن لائن بلاگ سائٹ چلانے میں مبینہ طورپر ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا ۔
اطلاعات کے مطابق سری نگر کی ایک خصوصی عدالت نے جمعے کو سری نگر میونسپل کارپوریشن کے سابق سیکریٹری صوفی محمد اکبر کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔
صوفی کو آن لائن بلاگ سائٹ چلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور اس سائٹ کے ذریعے سرکردہ شخصیات کی ہٹ لسٹ تیار کی گئی تھی۔
پولیس نے بعد ازاں اس کیس میں شیخ سجاد گل (ایک نامزد دہشت گرد اور فی الحال مفرور ہے)، طابش اکبر رحمانی، صوفی محمد اکبر اور پیرزادہ راقف مخدومی کے خلاف چار ج شیٹ پیش کیا ۔ دو ملزمان کو پہلے ہی عدالت نے ضمانت پر رہا کیا ہے۔
استغاثہ اور دفاعی وکلاءکی سماعت کے بعد سری نگر کی خصوصی عدالت کے جج سندیپ گنڈوترا نے کہا کہ چارج شیٹ کے مطابق عدالت کے سامنے جانچ کے لئے زیر التوا کوئی مادی ثبوت موجود نہیں ہے جس سے کسی بھی حد تک قابل اعتبار تعلق سامنے آسکے۔
جج موصوف کے مطابق ملزم گزشتہ 27ماہ سے جیل میں بند ہے لہذ اصوفی محمد اکبرکو ضمانت پر رہا کیا جاتا ہے۔
جج نے اپنے فیصلے میں کہا کہ صوفی کا جرائم سے براہ راست یا بلواسط کوئی تعلق نہیں ہے اور تمام گواہوں کے بیانات سے جو بات ظاہر ہوئی وہ یہ ہے کہ اس میں تدبیریں کی گئی اور تفتیشی آفیسران نے بھی کردار ادا کیا ہے تاکہ یہ ظاہر کیا جاسکے کہ کشمیر فائٹ بلاگ کا معاملہ توحل ہو گیا لیکن در حقیقت کشمیر فائٹ بلال کی آن لائن مہم کے پیچھے کون ہے تفتیشی ایجنسی کو بھی معلوم نہیں ہے۔
جج نے اپنے فیصلے میں مزید کہاکہ ملزم کی گرفتاری کے بعد بھی کشمیری فائٹ بلاگ فعال اور زیر عمل رہا ۔استغاثہ نے مقدمے میں ملزم سے متعلق تمام گواہوں کا جائزہ لیا ہے سوائے ضبطی اور تلاشی سے متعلق گواہوں کے کچھ نامعلوم دیگر افراد جنہیں استغاثہ نے گواہوں کے طورپر پیش کیا گیا ہے۔
عدالت نے کہاکہ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ضمانت دینے کے لئے جو قواعد و ضوابط مقرر کئے گئے ہیں ملزم اس پر کھرا اتر رہا ہے لہذا اس سے ضمانت پر رہا کیا جائے ۔
ملزم کے وکیل نے مزید کہاکہ فارینسک شواہد سے متعلق استغاثہ کے باقی گواہوں کی جانچ ہونا ابھی باقی ہے اور ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے اس لئے ان گواہوں کو کسی بھی طور سے دباو ڈالنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
وکیل نے مزید کہا کہ اس کیس کے دو ملزمان کو پہلے ہی عدالت نے ضمانت پر رہا کیا ہے اور موجودہ ضمانتی درخواست یہ مطالبہ کر رہی ہے کہ سبھی ملزمان کے ساتھ یکساں سلوک کیا جائے اور ضمانت دی جائے ۔
جج موصوف نے فیصلے میں کہاکہ صوفی محمد اکبر کو ایک لاکھ مچلکہ پر ضمانت دی جاتی ہے ۔
واضح رہے کہ جولائی 2021 میں، جموں و کشمیر پولیس نے ایک آن لائن بلاگ سائٹ چلانے والے پانچ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا۔
آن لائن بلاگ نے سرکردہ شخصیات جن میں رائزنگ کشمیر کے مدیر اعلیٰ سجات بخاری بھی شامل تھے کی ہٹ لسٹ منظر عام پر لائی ۔ پولیس نے کہا کہ سری نگر اور پونچھ میں متعدد چھاپوں کے دوران ماڈیول کا پردہ فاش کیا گیا تھا۔
Comments are closed.