چیف سیکرٹری نے جموں وکشمیرمیں شاہراہوں کی تعمیرکی پیش رفت کا جائزہ لیا
سری نگر/09 جولائی
چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے آج این ایچ اے آئی ، این ایچ آئی ڈِی سی ایل ، بی آر او ، بیکن اور پروجیکٹ سمپارک سمیت عمل آوری اَیجنسیوں کے ساتھ تفصیلی میٹنگ منعقد کی تاکہ جموںوکشمیر یوٹی کے طول و عرض میں قومی شاہراہوں کے وسیع نیٹ ورک کی تعمیر میں اَب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا جاسکے۔
میٹنگ میں اے سی ایس فارسٹ ، پرنسپل سیکرٹری اے پی ڈی، صوبائی کمشنر کشمیر اور صوبائی کمشنر جموں، سیکرٹری آر اینڈ بی ، سیکرٹری ریونیو ، ضلع ترقیاتی کمشنروں ، چیف اِنجینئران پی ڈبلیو ڈِی علاوہ دیگر متعلقہ افسران سمیت سینئر اَفسروں نے بھی شرکت کی۔
دورانِ میٹنگ چیف سیکرٹری نے متعلقہ عمل آوری ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ زمینی سطح پر پیش رفت دکھانے کے حوالے سے اَپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ٹائم لائنز میں بار بار تبدیلی ایک اچھی علامت نہیں ہے اور اِس کی واضح جواز کے تصدیق ہونی چاہیے ۔ اُنہوں نے کہا کہ مستقبل میں ڈیڈ لائنز میں اس طرح کی یکطرفہ تبدیلی سے گریز کیا جانا چاہیے۔
اَتل ڈولونے متعلقہ صوبائی اور ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ ان اہم سڑک منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے کام کی رفتار کی باقاعدگی سے نگرانی کریں۔ اُنہوں نے متعلقہ عمل آوری ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ عدالتی مقدمات، زمین کے تنازعات اور زمین کی حوالگی اور ان منصوبوں پر عمل درآمد میں درپیش دیگر مسائل کو حل کرنے میں مکمل تعاون کریں۔
مزید برآں، چیف سیکرٹری نے اَب تک کی پیش رفت کا پروجیکٹ وار جائزہ لیا۔ اُنہوں نے اِن منصوبوں کے ہر مرحلے پر کام کی تکمیل کی ممکنہ تاریخ کے بارے میں دریافت کیا۔ اُنہوں نے میٹنگ میں متعلقہ اِداروں کی طرف سے اُٹھائے گئے مسائل کے حوالے سے موقعہ پر ہی ہدایات بھی جاری کیں۔
میٹنگ میں کٹرا۔اَمرتسر۔دہلی ایکسپریس وے کے مختلف مراحل کے بارے میںجانکاری دی گئی کہ یہ پروجیکٹ کئی مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر مرحلے پر بیک وقت کام جاری ہے۔ مزید جانکاری دی گئی کہ اس پروجیکٹ کے کچھ مراحل بشمول بالسوا۔ہیرا نگر، ہیرا نگر۔وِجے پور، وِجے پور۔کنجوانی اور کنجوانی۔سدھرا ستمبر 2025 ءسے پہلے مکمل ہوجائیں گے۔
Comments are closed.