بھارتی پوسٹ پر فائرنگ سے 5 فوجی ہلاک،پاکستانی فوج کا دعویٰ
پاکستانی فوج نے بھارت کی جانب سے ایل او سی کی دوسری طرف سے پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں شہری آبادی کو نشانہ بنانے والی پوسٹ پر جوابی فائرنگ کرکے پوسٹ کو تباہ کردیا جس کے نتیجے میں 5 بھارتی فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔
ڈان اردو کی ایک رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں نے تتہ پانی سیکٹر میں بھارتی پوسٹ کو نشانہ بنایا جہاں سے معصوم شہریوں پر فائرنگ کی گئی تھی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور کی جانب جاری بیان کے مطابق پاکستانی فائرنگ سے بھارت کے 5 فوجی مارے گئے اور کئی زخمی ہوگئے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے معصوم شہریوں پر فائرنگ کا جواب موثر انداز میں دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بھارتی پوسٹ کو نشانہ بنانے کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں پوسٹ پر شدید شیلنگ اور وہاں سے دھواں اٹھتا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔
قبل ازیں بھارتی فوج کی جانب سے بٹل سیکٹر میں اسکول کے بچوں کو لے کر جانے والی وین کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں28 سالہ ڈرائیور جاں بحق ہوگیا تھا تاہم وین میں سوار بچے معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق جاں بحق ہونے والے ڈرائیور کی شناخت 28 سالہ محمد سرفراز کے نام سے ہوئی تھی۔دفتر خارجہ کی جانب سے بھارت کی بلااشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج کیا گیا تھا۔دفترخارجہ کے سارک ڈائریکٹر اور ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو اپنے دفتر میں طلب کرکے واقعے کی مذمت کی تھی۔
Comments are closed.